۔15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی ٹی 20 کرکٹ میں کم عمر ترین کپتان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2026
۔15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی  ٹی 20 کرکٹ میں کم عمر ترین کپتان
۔15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی ٹی 20 کرکٹ میں کم عمر ترین کپتان

 



اندور: کرکٹ کی دنیا میں تیزی سے اپنی شناخت بنانے والے ویبھو سوریہ ونشی نے محض 15 سال کی عمر میں مردوں کی ٹی 20 کرکٹ کا کم عمر ترین کپتان بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ انہیں جاری سید مشتاق علی ٹرافی 2026 میں بہار کی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

سنیچر کو اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں سوریا ونشی نے سوراشٹر کے خلاف ایلیٹ گروپ بی کے مقابلے میں بہار کی کپتانی کی۔ بہار نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس تقرری کے ساتھ ہی 15 سالہ ویبھو نے مردوں کی ٹی 20 کرکٹ میں کم عمر ترین کپتانوں کی فہرست میں موجود کئی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس فہرست میں اب دوسرے نمبر پر کروشیا کے زیک ووکوسک ہیں جنہوں نے 7 اگست 2025 کو قبرص کے خلاف اپنی قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 17 سال اور 311 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس فہرست میں تیمور علی کا نام بھی شامل ہے جنہوں نے 2009 میں پاکستان کے مقامی ٹی 20 مقابلے میں کوئٹہ بیئرز کی قیادت کرتے ہوئے 17 سال اور 358 دن کی عمر میں کپتانی کا آغاز کیا تھا۔

دوسری جانب زیک ووکوسک اور لکشیہ بارکانیا نے بین الاقوامی کرکٹ میں کپتانی کے ذریعے اس فہرست میں جگہ بنائی جبکہ نومان امجد نے جولائی 2022 میں جمہوریہ چیک کے خلاف فرانس کی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

اس سے قبل بہار کرکٹ ایسوسی ایشن (بی سی اے) نے جمعہ کو سید مشتاق علی ٹی 20 ٹرافی کے ابتدائی دو مقابلوں کے لیے بہار کی 17 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے۔

ویبھو سوریہ ونشی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ سورج کشیپ نائب کپتان کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ بی سی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا جب ویبھو بہار کی سینئر ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ٹیم ان کی سربراہی میں آئندہ ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

اس پیش رفت پر بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہرش وردھن نے کہا کہ ویبھو نے کم عمری میں ہی غیر معمولی صلاحیتوں اعتماد اور پختگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری انہیں ایک کھلاڑی اور قائد کی حیثیت سے مزید آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ویبھو کی قیادت میں ٹیم آئندہ سیزن میں نظم و ضبط اور مسابقتی جذبے کے ساتھ مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور ریاست کی نمائندگی کا حق ادا کرے گی۔

ویبھو سوریہ ونشی نے رواں سال ہندوستانی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی بڑے اعزازات اپنے نام کیے تھے۔ انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا اعزاز بھی ملا۔ اس کے علاوہ وہ بہترین اسٹرائیک ریٹ والے بلے باز اورنج کیپ کے فاتح اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بھی قرار پائے۔

بہار سے تعلق رکھنے والے اس 15 سالہ بلے باز نے راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے پورے ٹورنامنٹ میں 776 رنز بنائے اور 237.30 کے غیر معمولی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔

مسلسل شاندار کارکردگی اور ریکارڈ 72 چھکوں کی بدولت ویبھو نے آئی پی ایل کے کئی پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور خود کو ہندوستانی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے اہم کھلاڑیوں میں شامل کرلیا ہے۔ محض 15 سال کی عمر میں انہوں نے آئی پی ایل کی تاریخ کے کم عمر ترین اورنج کیپ فاتح بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ گجرات ٹائٹنز کے اوپنر سائی سدرشن کے پاس تھا جنہوں نے 2025 میں 23 سال اور 231 دن کی عمر میں اورنج کیپ حاصل کی تھی۔ جبکہ شبھمن گل نے 2023 میں 23 سال اور 263 دن کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔