پہلا کارپوریٹ ورلڈ کپ: 24 شہروں کی 192 ٹیمیں ہوں گی شامل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-09-2026
پہلا کارپوریٹ ورلڈ کپ: 24 شہروں کی 192 ٹیمیں ہوں گی شامل
پہلا کارپوریٹ ورلڈ کپ: 24 شہروں کی 192 ٹیمیں ہوں گی شامل

 



گڑگاؤں: دنیا کے پہلے عالمی کارپوریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے طور پر پیش کیے جانے والے کارپوریٹ ورلڈ کپ کا اتوار کو گڑگاؤں میں منعقدہ ایک تقریب میں باقاعدہ اعلان کیا گیا۔کارپوریٹ ورلڈ کپ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کا مقصد کارپوریٹ کرکٹ سے وابستہ کھلاڑیوں اور اداروں کو ایک منظم مقابلے کے ذریعے ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ یہ مقابلہ 24 شہروں میں ہوگا اور اس کا اختتام جولائی 2027 میں پہلے کارپوریٹ ورلڈ کپ کے انعقاد کے ساتھ ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا انعقاد پرو کارپوریٹ لیگ یعنی PCL کرے گی۔ یہ ہندوستان کے کارپوریٹ کرکٹ کے ابتدائی پلیٹ فارمز میں شامل ہے اور گزشتہ 15 برس سے کارپوریٹ کرکٹ کے مقابلوں کے انعقاد اور اس کے فروغ سے وابستہ ہے۔ PCL اب اپنے تجربے کی بنیاد پر کارپوریٹ کرکٹ کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کے لیے کارپوریٹ ورلڈ کپ کا انعقاد کر رہی ہے۔

لانچ تقریب میں سری لنکا کے سابق معروف کرکٹر اور کارپوریٹ ورلڈ کپ کے عالمی سفیر سنتھ جے سوریا نے شرکت کی۔ ان کے ساتھ کارپوریٹ ورلڈ کپ کے بانی سچن گپتا اور آگم پربھات اور جے دیپ پرتاپ بھی موجود تھے۔تقریب میں بتایا گیا کہ مختلف شہروں کے پیشہ ور افراد اور اداروں کے لیے ایک مسابقتی راستہ تیار کیا جائے گا۔ شہر کی سطح کے مقابلوں کے بعد بہترین ٹیمیں جولائی 2027 میں ہونے والے عالمی کپ میں شرکت کریں گی۔

کارپوریٹ ورلڈ کپ میں 24 شہروں کی مجموعی طور پر 192 کارپوریٹ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہر شہر سے 8 ٹیمیں مقابلے میں شامل ہوں گی۔ شہر کی سطح کے کوالیفائرز کے بعد ہر شہر کی 2 بہترین ٹیمیں جولائی 2027 میں ہونے والے کارپوریٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔کارپوریٹ ورلڈ کپ کے عالمی سفیر سنتھ جے سوریا نے کہا کہ کرکٹ ہمیشہ لوگوں کو ان کے پس منظر یا پیشے سے قطع نظر ایک دوسرے کے قریب لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق کارپوریٹ ورلڈ کپ اس جذبے کو مختلف شہروں اور ممالک کے دفاتر اور کاروباری اداروں تک لے جانے کا منفرد تصور ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایسے پلیٹ فارم سے وابستہ ہونے پر خوش ہیں جو کرکٹ کے ذریعے ٹیم ورک قیادت اور کھیل سے وابستگی کو فروغ دیتا ہے۔مختلف انداز کی کرکٹ میں ٹیموں کی صلاحیت جانچنے کے لیے مقابلے میں 11 اوورز فی اننگز ٹی 20 اور 40 اوورز کے فارمیٹ شامل کیے جائیں گے۔ اس طرح کارپوریٹ کرکٹرز کو مختلف حالات میں کھیلنے اور اپنی ہمہ جہت صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔کارپوریٹ ورلڈ کپ کے بانی سچن گپتا نے کہا کہ یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ کارپوریٹ کرکٹ سے وابستہ برادری کو غیر معمولی پیمانے پر ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ PCL کے 15 سالہ سفر نے انہیں کارپوریٹ کرکٹ کو سمجھنے کا وسیع تجربہ دیا ہے۔ اسی بنیاد پر شہر کی سطح کے مقابلوں سے عالمی چیمپئن شپ تک کا ایک منظم راستہ تیار کیا جا رہا ہے۔

سچن گپتا کے مطابق 192 ٹیموں 24 شہروں اور 864 میچوں کے ذریعے ایسا تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں پیشہ ور افراد مقابلہ کرنے کے ساتھ ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرسکیں اور اپنے شہروں کی نمائندگی کرسکیں۔PCL کے تجربے کو بنیاد بناتے ہوئے کارپوریٹ ورلڈ کپ کا مقصد مقامی کارپوریٹ مقابلوں سے بین الاقوامی چیمپئن شپ تک ایک منظم نظام قائم کرنا ہے۔

مختلف شہروں کی ٹیموں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور کرکٹ کے مختلف فارمیٹس میں مقابلے کرانے کے ذریعے اس اقدام کے تحت کارپوریٹ کرکٹ کا طویل مدتی نظام تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس میں ٹیم ورک قیادت نیٹ ورکنگ اور کھیل کے اعلیٰ معیار کو اہمیت دی جائے گی۔