ورلڈ کپ،انڈر 19خواتین:ہندوستان فائنل میں پہنچا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
ورلڈ کپ،انڈر 19خواتین:ہندوستان فائنل میں پہنچا
ورلڈ کپ،انڈر 19خواتین:ہندوستان فائنل میں پہنچا

 

 

نئی دہلی: ٹی ٹونٹی ،خواتین ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کے ہندوستان کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ سیمی فائنل میں، ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کے سامنے 108 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے یہ کامیابی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کی اور فائنل میں جگہ بنالی۔

ہندوستان کی جانب سے شویتا سہراوت نے طوفانی بیٹنگ کی۔ انہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 61 رنز بنائے۔ ہندوستانی ٹیم آئی سی سی انڈر 19 خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں ہے۔ ٹیم انڈیا پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے تھا۔ ٹیم انڈیا نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے جیت حاصل کی۔

اب ہندوستانی ٹیم فائنل میچ 29 جنوری کو کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کی انڈر 19 ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 107 رنز بنائے۔ اس دوران جارجیا پلمر نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔ انہوں نے 32 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکے لگائے۔ اس دوران ہندوستان کی جانب سے پارشوی چوپڑا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر میڈن اوور لیا۔ کپتان شیفالی ورما نے خطرناک بولنگ کی۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے ہدف 14.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

شیفالی اور شویتا ٹیم انڈیا کے لیے اوپننگ کرنے آئیں۔ اس دوران شیفالی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ جبکہ شویتا نے تیز بلے بازی کرتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 45 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ سومیا تیواری نے 26 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 22 رنز بنائے۔ انہوں نے 3 چوکے لگائے۔

تریشا 5 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ انڈر 19 خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کا سفر اب تک شاندار رہا ہے۔ اس نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد اپنے دوسرے میچ میں یو اے ای کو 122 رنز سے شکست ہوئی۔ ٹیم انڈیا نے اسکاٹ لینڈ کو 83 رنز سے ہرایا۔ ساتھ ہی اسے آسٹریلیا کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ہندوستان نے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی شاندار فتوحات درج کیں۔