کیا ہے قصہ عرفان پٹھان کی بیگم کی تصویر کا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-05-2021
ایک تصویر ۔ایک تنازعہ
ایک تصویر ۔ایک تنازعہ

 

 

نئی دہلی: عرفان پٹھان ،ہندوستانی کرکٹ کا ایک دور میں سلطان تھا۔ سوئنگ کا سلطان۔رفتار کا جادوگر۔اب کرکٹ سے تو دور ہیں لیکن سرخیوں سے نہیں ۔ا ب کھیل کے بجائے سوشل میڈیا پر اپنی آرا اور سرگرمیوں سے بھی سرخیاں بٹور تے ہیں۔اب ایک اور خبر سرگرم ہے ،جس کا تعلق ان کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ ہے اور وہ بھی ان کی فیملی تصویرسے۔ در اصل عرفان پٹھان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے بیٹے عمران اور بیوی صفا بیگ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر میں صفا بیگ کے چہرے کا کچھ حصہ بلر یعنی دھندلا کر دیا گیا ہے،بیوی کے چہرے کے ایک حصہ پر رنگ کا نشان لگا کر ’پردہ‘ کردیا گیا ہے۔اس پوسٹ نے سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا۔ لوگ عرفان پٹھان کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کچھ ایسے تبصرے بھی کر رہے ہیں جس میں انھیں ایک ظالم شوہر ٹھہرایا جا رہا ہے۔

بول پڑے عرفان

 دراصل یہ تصویر عرفان کے بیٹے عمران کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی تھی اور اس میں صفا کا چہرہ رنگ سےپوشیدہ کیا گیا تھا۔ تصویر پر کئی ناراضگی بھرے تبصرے آ رہے تھے، جس کے بعد تصویر کو عرفان پٹھان نے خود اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’یہ تصویر میرے بیٹے کے اکاؤنٹ سے بیوی نے پوسٹ کی ہے۔ اس تصویر کو لے کر کافی نفرت کی جا رہی ہے۔ میں خود بھی اس تصویر کو پوسٹ کر رہا ہوں۔ میری بیوی کو یہ تصویر بے حد پسند ہے اور میں اسے پوسٹ کر رہا ہوں۔ میں اپنی بیوی کا ساتھی ہوں، مالک نہیں۔

 عرفان پٹھان نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ بیوی پر کسی طرح کی زور زبردستی نہیں کرتے بلکہ چہرہ چھپانے کا فیصلہ صفا بیگ نے خود لیا ہے۔ ساتھ ہی عرفان نے یہ بھی ظاہر کیا ہے کہ وہ اپنی بیوی کے بہترین دوست ہیں اور اپنا فیصلہ ان پر تھوپنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

 ہمیشہ آڑ میں رہی صفا

دلچسپ با ت یہ ہے عرفان پٹھان اپنی فیملی کے ساتھ تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں، لیکن کبھی بھی ان کی بیوی صفا کا پورا چہرہ صاف نہیں رہتا۔کسی نہ کسی طریقہ سے ان کا چہرہ پوشیدہ رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو یہی شک ہوا کہ عرفان پٹھان نے ہی تصویر کے ساتھ کلا کاری کی ہے۔در اصل اس سے پہلے فیملی تصا ویر میں صفا بیگ برقع میں ہوتی ہیں اور ایک تصویر تو ایسی بھی عرفان نے پوسٹ کی تھی جس میں صفا اپنے ہاتھوں سے چہرہ چھپائے ہوئی تھیں۔ اس تصویر کو بھی سوشل میڈیا یوزر نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

 واضح رہے کہ عرفان پٹھان نے صفا بیگ سے 2016 میں شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا عمران بھی ہے جس کے ساتھ دونوں خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔