آکاش چوپڑا نے آئی پی ایل 2027 سے قبل ممبئی انڈینز کو دیا اہم مشورہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
 آکاش چوپڑا نے آئی پی ایل 2027 سے قبل ممبئی انڈینز کو دیا اہم مشورہ
آکاش چوپڑا نے آئی پی ایل 2027 سے قبل ممبئی انڈینز کو دیا اہم مشورہ

 



نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا کا ماننا ہے کہ آئی پی ایل 2027 سے قبل ممبئی انڈینز کی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا آغاز ہاردک پانڈیا کی ممکنہ ٹریڈ سے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ کو ٹیم سے ریلیز کرنے کی بھی حمایت کی ہے۔

جیو اسٹار کے پروگرام ’گیم پلان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے آکاش چوپڑا نے کہا کہ ممبئی انڈینز کے پاس تجربہ کار اور جارحانہ کھلاڑیوں پر مشتمل متوازن ٹیم ہے۔ اگر گزشتہ سیزن میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق رہی ہوتی تو اسے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی ضرورت نہیں تھی۔

ان کے مطابق ٹیم کو زیادہ سے زیادہ ایک ہندوستانی اسپنر یا تیز گیند باز کی ضرورت ہوسکتی ہے لیکن سب سے اہم معاملہ ہاردک پانڈیا کی ممکنہ ٹریڈ کا ہے۔ اسی فیصلے سے طے ہوگا کہ ممبئی انڈینز کن کھلاڑیوں کو برقرار رکھتی ہے اور کنہیں ٹیم سے باہر کرتی ہے۔

آکاش چوپڑا نے کہا کہ ہاردک جیسے کھلاڑی آسانی سے نہیں ملتے لیکن اگر ان کی جگہ دو اچھے کھلاڑی حاصل کیے جاسکیں تو اس امکان پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔

ٹرینٹ بولٹ کو ریلیز کرنے کی حمایت

آکاش چوپڑا نے نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہیں ٹیم سے ریلیز کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کے مطابق بولٹ نے پانچ میچوں میں صرف دو وکٹیں حاصل کیں اور فی اوور 11.5 رنز دیے۔

انہوں نے کہا کہ بولٹ پر خرچ کیے گئے 12.5 کروڑ روپے کی رقم کافی بڑی ہے۔ اس رقم سے ٹیم کئی اچھے کھلاڑی حاصل کرسکتی ہے اور اس کے لیے دوسرے کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ہاردک کی ٹریڈ پر فیصلہ کھلاڑیوں کے تبادلے سے مشروط

آکاش چوپڑا نے واضح کیا کہ ہاردک پانڈیا کا معاملہ عام کھلاڑیوں کی طرح ریٹین کرنے یا ریلیز کرنے کا نہیں بلکہ ٹریڈ کا ہے۔ ان کے مطابق اگر ممبئی انڈینز ہاردک کے بدلے مناسب کھلاڑی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوتی تو اسے ہر حال میں ہاردک کو ٹیم میں برقرار رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینٹ بولٹ کے معاملے میں انہیں کوئی ابہام نظر نہیں آتا اور انہیں ریلیز کیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ ممبئی انڈینز کی جانب سے کیشو مہاراج کو بھی ریلیز کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے کیونکہ ٹیم کو مچل سینٹنر اور کیشو مہاراج دونوں کی بیک وقت ضرورت شاید نہ ہو۔

ہاردک پانڈیا اور ارشدیپ سنگھ کی ممکنہ ٹریڈ کی خبریں

دریں اثنا کرکٹ انفارمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق پانچ مرتبہ آئی پی ایل کا خطاب جیتنے والی ممبئی انڈینز ہاردک پانڈیا کو پنجاب کنگز کے ساتھ ٹریڈ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس مجوزہ سودے میں ہاردک کے بدلے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ کو ممبئی انڈینز میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ حتمی شکل دینے کے مراحل میں ہے اور دونوں فرنچائزز نے آئی پی ایل انتظامیہ کو اپنی دلچسپی سے آگاہ کردیا ہے۔ اگلے مرحلے میں دونوں کھلاڑیوں کی تحریری رضامندی حاصل کی جائے گی جس کے بعد فرنچائزز حتمی بات چیت کرکے معاہدے کی منظوری کے لیے آئی پی ایل سے رجوع کریں گی۔

بتایا گیا ہے کہ آئی پی ایل 2026 کے آخری مرحلے سے ہی ہاردک پانڈیا اور ممبئی انڈینز کے درمیان کئی مرتبہ بات چیت ہوئی تھی۔ اس کے بعد آل راؤنڈر نے فرنچائز کو اپنی خواہش سے آگاہ کیا کہ انہیں ٹیم سے ریلیز کردیا جائے۔ ممبئی انڈینز نے رائل چیلنجرز بنگلورو کے علاوہ تقریباً تمام فرنچائزز کے ساتھ ممکنہ ٹریڈ کے امکانات تلاش کیے۔

اگر یہ سودا طے پا جاتا ہے تو ممبئی انڈینز کو ارشدیپ سنگھ کی صورت میں ایک اہم تیز گیند باز مل سکتا ہے جو جسپریت بمراہ کے ساتھ مل کر ٹیم کے گیند بازی کے شعبے کو مضبوط بنائیں گے۔

واضح رہے کہ ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل 2026 میں نویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ اب ٹیم اگلے سیزن سے قبل اپنے تیز گیند بازی کے شعبے کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب ہاردک پانڈیا کی شمولیت سے پنجاب کنگز کو ایک تجربہ کار آل راؤنڈر مل سکتا ہے۔ اگر یہ ٹریڈ مکمل ہوتی ہے تو دونوں ٹیموں کی قیادت اور مجموعی حکمت عملی میں بھی اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔