العمیرات، : ہندوستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ہفتہ کو ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو محض ایک وکٹ سے شکست دے کر 2026 اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ العمیرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے آخری اوور تک جاری رہنے والے مقابلے میں 338 رنز کا مشکل ہدف حاصل کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے اور ایشیا کی چیمپئن بن گئی۔
ہندوستان کی اس یادگار کامیابی میں موہت الوا اور منال چوہان نے اہم کردار ادا کیا۔ موہت الوا نے محض 26 گیندوں پر ناقابل شکست 49 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچایا۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا تھا۔ عثمان خان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 111 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ عبدالقادر نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے محض 54 گیندوں پر 80 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے 8 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔

پاکستانی کپتان فرحان یوسف نے بھی 60 گیندوں پر 63 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین نے 17 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے کاویہ پٹیل سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 68 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ چگوروپتی وینکٹا نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم نے محتاط انداز میں آغاز کیا۔ کپتان لکشیا راجیش رائے چندانی نے 101 گیندوں پر 80 رنز بنائے جبکہ آریا ویر سہواگ نے 61 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ منال چوہان نے 32 گیندوں پر جارحانہ 47 رنز بنا کر ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں۔
تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ہندوستان پر دباؤ بڑھتا گیا اور ایک موقع پر مقابلہ پاکستان کے حق میں جاتا دکھائی دینے لگا۔ ایسے نازک وقت میں موہت الوا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 49 رنز بنائے۔ چگوروپتی وینکٹا نے بھی 8 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 11 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا اور ہندوستان کو آخری اوور میں تاریخی فتح سے ہمکنار کر دیا۔پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نقاب شفیق نے 2 ہندوستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
𝗖𝗵𝗮𝗺𝗽𝗶𝗼𝗻𝘀 𝗰𝗿𝗼𝘄𝗻𝗲𝗱! 🏆🤩 India U19 celebrate with the #MensU19AsiaCup winners' trophy! 🥳 https://t.co/1JlSakLJoB
— BCCI (@BCCI) November 14, 2026
مودی اور سچن ٹنڈولکر نے دی مبارک باد
ہندوستان کی اس کامیابی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈر 19 ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کے لیے یہ ایک شاندار دن ہے۔ انہیں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی اور ایشیا کپ جیتنے پر فخر ہے۔ ان کی کامیابی کئی نوجوانوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنے گی۔ وزیر اعظم نے ٹیم کو مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر نے بھی نوجوان ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے اجتماعی کوشش اور ہر کھلاڑی کے کردار کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹیم کے کھیل میں ہر کھلاڑی اور اس کی ہر چھوٹی بڑی کوشش اہمیت رکھتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے آج اس حقیقت کو خوبصورتی سے ثابت کیا ہے۔ انہوں نے ایشیا کپ جیتنے پر نوجوان چیمپئنز کو مبارک باد دی۔اس طرح ہندوستانی نوجوانوں نے دباؤ سے بھرپور فائنل میں آخری لمحات تک حوصلہ برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو شکست دی اور انڈر 19 ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔