کلائیو لائیڈ کو ٹیسٹ ٹوئنٹی سے مستقبل کے بین الاقوامی کرکٹرز کی امید

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2026
کلائیو لائیڈ کو ٹیسٹ ٹوئنٹی سے مستقبل کے بین الاقوامی کرکٹرز کی امید
کلائیو لائیڈ کو ٹیسٹ ٹوئنٹی سے مستقبل کے بین الاقوامی کرکٹرز کی امید

 



کولمبو: ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیجنڈ کلائیو لائیڈ نے کولمبو میں منعقدہ پہلے ٹیسٹ ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ان میں سے بیشتر مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔

’’ان میں سے بیشتر اپنے ملک کے لیے کھیلیں گے۔‘‘ یہ بات ویسٹ انڈیز کے عظیم سابق کپتان کلائیو لائیڈ نے کولمبو میں ٹیسٹ ٹوئنٹی کے پہلے ایڈیشن میں شریک نوجوان کرکٹرز سے ملاقات اور گفتگو کے بعد کہی۔ کلائیو لائیڈ نے 1975 اور 1979 میں ویسٹ انڈیز کو مسلسل 2 آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ ٹائٹل دلائے تھے۔ ایسے تجربہ کار کھلاڑی کی جانب سے نوجوانوں کے بارے میں یہ رائے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ انہیں ان نوجوانوں کی صرف کرکٹ کی صلاحیتوں نے ہی متاثر نہیں کیا بلکہ کھیل سیکھنے کا شوق ان کا اعتماد اور سوال کرنے کا انداز بھی انہیں پسند آیا ہے۔

پہلا ٹیسٹ ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اس وژن کا نتیجہ ہے جسے اس کے بانی اور سی ای او گورو باہروانی نے آگے بڑھایا ہے۔ اس کا مقصد ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں انہیں بین الاقوامی سطح پر مقابلے کا موقع ملے۔ وہ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں سے سیکھ سکیں اور جغرافیائی و ثقافتی سرحدوں سے بالاتر ہوکر کرکٹ کے ماحول کا تجربہ حاصل کرسکیں۔

اس ٹورنامنٹ میں مختلف کرکٹ کھیلنے والے ممالک سے تعلق رکھنے والے 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے رہے ہیں۔ مقابلے میں 4 براعظمی فرنچائزز شامل ہیں جن میں جنوبی ایشیا آسٹریلیشیا یورپ اور سب صحارا افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کی ایک نمایاں خصوصیت لڑکوں اور لڑکیوں کا مشترکہ فارمیٹ ہے۔ کھیل کے منفرد اصولوں اور دونوں کے لیے یکساں مواقع پر توجہ کے ذریعے ٹیسٹ ٹوئنٹی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نیا راستہ کھولنے کے ساتھ کرکٹ کے مستقبل کو ایک نئے انداز میں پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

کلائیو لائیڈ ٹیسٹ ٹوئنٹی کی بانی بورڈ کے مشیر آئیکون ایمبیسیڈر اور ٹیم یورپ کے مینٹور کی حیثیت سے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ وہ میدان کے اندر اور باہر ان سے ملاقاتیں اور گفتگو کررہے ہیں۔ ٹیم کے کپتانوں سے بات چیت ہو یا ناشتے اور سماجی تقریبات کے دوران غیر رسمی ملاقاتیں۔ ان کے مطابق نوجوان نسل کھیل کو سمجھنے اور اس کی اقدار سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

لائیڈ نے کہا کہ میں نے کل کپتانوں سے بات کی تھی اور ان کے سوالات انتہائی ذہین تھے۔ یہ واضح ہے کہ وہ سیکھنا چاہتے ہیں۔ میں ناشتے اور سماجی تقریبات کے دوران بھی ان میں سے بہت سے کھلاڑیوں سے بات کرتا ہوں۔ وہ کھیل کے بارے میں بہت زیادہ معلومات رکھتے ہیں۔ ان کے سوالات اور ان کے رویے نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔

کلائیو لائیڈ کے لیے ٹیسٹ ٹوئنٹی سے وابستگی ذاتی اہمیت بھی رکھتی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ کرکٹ نے انہیں صرف ایک پیشہ یا کیریئر نہیں دیا بلکہ زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔ اس کھیل کے ذریعے انہیں زندگی بھر کے دوست ملے اور ان کی زندگی کا رخ بدلا۔ دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں تک اپنے تجربات پہنچانا اس پہل کو ان کے لیے مزید بامعنی بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کے سامنے کوئی تجویز رکھی جاتی ہے تو آپ مختلف پہلوؤں پر غور کرتے ہیں۔ لیکن میں پہلے بھی گورو باہروانی کے ساتھ کام کرچکا ہوں۔ جب انہوں نے مجھے بتایا کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں تو میں اس کا حصہ بننے کے لیے تیار ہوگیا۔ اس کھیل نے مجھے زندگی میں آگے بڑھنے کا موقع دیا اور ایک شاندار زندگی عطا کی۔ جب آپ 13 اور 14 سال کے بچوں کو اتنے گہرے اور معنی خیز سوالات کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو مجھے یقین ہوتا ہے کہ وہ درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

لائیڈ کے نزدیک بیرون ملک سفر کرنا مختلف ثقافتوں کو سمجھنا سرحدوں سے بالاتر ہوکر دوستی قائم کرنا اور بین الاقوامی ماحول میں کھیلنا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا میدان میں کارکردگی دکھانا۔ ان کے مطابق یہ تجربات نوجوان کھلاڑیوں کے ذہنوں میں ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد بھی تازہ رہیں گے اور ان کے عزائم کو نئی سمت دینے کے ساتھ انہیں اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک جاکر کھیلنے کا سب سے اچھا پہلو وہ دوستیاں ہیں جو اس دوران قائم ہوتی ہیں۔ کرکٹ کے میدان میں بننے والی دوستیاں زندگی بھر قائم رہتی ہیں۔ ان نوجوانوں کو دوسرے ملک میں کھیلنے کا موقع ملا ہے اور وہاں ان کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ وہ اس تجربے سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ زندگی کے اس مرحلے پر حاصل ہونے والی یہ یادیں انہیں ہمیشہ یاد رہیں گی اور وہ مستقبل میں مزید اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلنے کی خواہش رکھیں گے۔

اس ٹورنامنٹ کا ایک یادگار لمحہ وہ بھی ہوگا جب افتتاحی ٹیسٹ ٹوئنٹی کے فاتحین کو خود کلائیو لائیڈ ٹرافی پیش کریں گے۔ کسی نوجوان کرکٹر کے لیے جو ممکن ہے پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہا ہو کرکٹ کی تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک کے ہاتھوں ٹرافی حاصل کرنا زندگی بھر کی یاد بن سکتا ہے۔

اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ایسا لمحہ نوجوانوں کے دلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے خواب کو حقیقت کے قریب لاسکتا ہے۔ تاہم کلائیو لائیڈ کا ماننا ہے کہ مستقبل کے بین الاقوامی کرکٹرز تیار کرنے کے لیے صرف مواقع فراہم کرنا کافی نہیں ہے بلکہ ان میں کھیل کی صحیح اقدار پیدا کرنا اور کرکٹ کے احترام کے ساتھ اس کی عظیم روایت کو سمجھانا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کوچز منیجرز اور کپتانوں کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنی چاہیے تاکہ نئی نسل کھیل کو صحیح جذبے اور انداز میں آگے لے جاسکے۔

لائیڈ نے کہا کہ ہمیں بچوں کو اپنے کھیل کے بارے میں درست باتیں سکھانی ہوں گی۔ کرکٹ دنیا کے عظیم ترین کھیلوں میں سے ایک ہے اور ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کو ایسی تعلیم دینی چاہیے جسے وہ ہمیشہ اپنے ساتھ رکھ سکیں۔ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور انہیں کھیلنے کا صحیح طریقہ سکھانا ہے۔ منیجرز کپتانوں اور قیادت کے تمام عہدوں پر موجود افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان کرکٹرز تک درست معلومات اور تجربات پہنچائیں۔ نوجوانوں کو اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے تاکہ وہ دکھا سکیں کہ انہوں نے کھیل کو صحیح معنوں میں سمجھا ہے۔ ماضی گزر چکا ہے۔ اب ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔

ٹیسٹ ٹوئنٹی بھی اسی مستقبل کی تعمیر کا خواہاں ہے۔ دنیا کے مختلف حصوں سے نوجوان کرکٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے انہیں بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا اور کھیل کی نامور شخصیات سے براہ راست سیکھنے کے مواقع دینا اس منصوبے کا بنیادی مقصد ہے۔ اس کے ذریعے ایسا ماحول تشکیل دینے کی کوشش کی جارہی ہے جہاں صلاحیت سیکھنے کے عمل اور مواقع کو یکجا کیا جاسکے۔

فی الحال یہ نوجوان کھلاڑی نئی یادیں بنا رہے ہیں۔ عظیم کھلاڑیوں سے سیکھ رہے ہیں اور اپنی براعظمی ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں۔ لیکن مستقبل میں اپنے اپنے ملک کی قومی ٹیموں میں جگہ بنانے کا خواب اب ان کے لیے محض ایک دور کی امید نہیں رہا۔ کلائیو لائیڈ کا ماننا ہے کہ ان نوجوانوں میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ایک دن بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے ملک کا نام روشن کرسکیں۔