ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرایا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-10-2021
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرایا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرایا

 

 

شارجہ :آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میئں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بھی شکست دے دی۔

 شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

 نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔

 ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹسمین نے محتاط آغاز فراہم کیا تاہم 9 رنز بنا کر کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان اور محمد حفیظ 11، 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمد رضوان ہیں جنہوں نے 34 گیندوں پر 33 رنز بنائے تھے۔

 ان کے بعد عماد وسیم نے شعیب ملک کا ساتھ دیا لیکن وہ بھی 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

 پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔

 واضح رہے کہ پاکستانی بولرز نے ہندوستان کے خلاف میچ جیسی فارم برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور سے روک دیا۔

 حارث رؤف نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں لیں۔

ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک کیوی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے ڈیرل مچل اور ڈیون کانوے نے 27، 27 رنز بنائے جبکہ کپتان کین ولیمسن نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

خیال رہے کہ ٹاس کے موقع پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لےکر حریف ٹیم پر پریشر ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

 واضح رہے کہ پاکستان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی،ہندوستان کے خلاف فاتح ٹیم کو ہی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔