ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بنگلادیش نے عمان کو 26 رنز سے شکست دیدی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بنگلادیش نے عمان کو 26 رنز سے شکست دیدی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بنگلادیش نے عمان کو 26 رنز سے شکست دیدی

 

 

  بنگلادیش نے عمان کو 26 رنز سے شکست دیدی بنگلادیش نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے اہم میچ میں عمان کو 26 رنز سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ورلڈکپ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی اس کی امیدیں بھی برقرار ہیں۔

الامارات کرکٹ گراؤنڈ مسقط میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ عمان نے اپنے سے کہیں زیادہ تجربہ کار بنگلادیشی ٹیم کے ابتدائی دو بلے باز لٹن داس اور مہدی حسن کو 21 کے مجموعے پر ہی آؤٹ کردیا تھا۔

بعد ازاں تجربہ کار شکیب الحسن نے نوجوان بیٹسمین محمد نعیم کے ہمراہ 80 رنز کی شاندار شراکت بنا کر ٹیم کو پریشانی کے بھنور سے نکال دیا۔ اس مجموعے پر شکیب الحسن 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم محمد نعیم نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا۔ اسکاٹ لینڈ دوسرے میچ میں بھی فاتح، پاپوا نیوگنی کو 17 رنز سے شکست دوسرے اینڈ سے عمان نے وکٹیں لینے کا سلسلہ شروع کیا تو 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے محمد نعیم بھی دباؤ میں آکر پویلین لوٹ گئے۔

اننگز کے آخری لمحات میں محموداللّٰہ کے 17 رنز کی بدولت بنگلادیش کی ٹیم 153 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

عمان کی جانب سے بلال خان اور محمد نعیم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کلیم اللّٰہ نے دو اور ذیشان مقصود نے ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں عمان کی بیٹنگ لائن ایک موقع پر مضبوط دکھائی دے رہی تھی تاہم اننگز کے درمیان میں یہ بنگلادیش کی تجربہ کار بولنگ کی آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

عمانی بیٹسمین جتندر سنگھ کے 40 اور کیشپ پراجاپتی کے 21 رنز کے سوا کوئی کھلاڑی ذمہ دارانہ بیٹنگ نہیں کرسکا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے اور اسے 26 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الحمٰن نے 4 رنز دے کر ٹیم اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ شکیب الحسن بھی 3 اہم وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ پہلے بیٹ اور پھر بال سے عمدہ پرفارمنس دینے والے بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ میچ بنگلادیش کے لیے مارو یا مرجاؤ کی حیثیت رکھتا تھا، اس میں ناکامی کی صورت میں بنگلادیشی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجاتی۔ گزشتہ میچ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلادیش کو اپ سیٹ کرتے ہوئے 6 رنز سے شکست دی تھی۔