کولمبو۔سری لنکا کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان میں ہونے والی آئندہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں سری لنکا کے لیے اہم مرحلہ سمجھی جا رہی ہے۔کوشل مینڈس کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان ون ڈے کرکٹرز کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ عالمی کپ سے قبل ٹیم کا مضبوط کمبی نیشن تیار کیا جا سکے۔
اوپننگ بلے باز پاتھم نسانکا کو بھی 16 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاہم ان کی پاکستان روانگی طبی فٹنس سے مشروط ہے۔ اگر انہیں میڈیکل طور پر فٹ قرار دیا گیا تو وہ ٹیم کے ساتھ پاکستان جائیں گے۔سری لنکا کے ٹاپ آرڈر میں اویشکا فرنینڈو۔ کامل مشرا اور پون رتنائیکے شامل ہیں جبکہ مڈل آرڈر کی ذمہ داری سہان آراچیگے۔ کمنڈو مینڈس اور جینتھ لیانگے سنبھالیں گے۔
سابق کپتان داسن شناکا آل راؤنڈ صلاحیتوں کے ساتھ ٹیم کو مضبوطی فراہم کریں گے جبکہ اسپن بولنگ آل راؤنڈر دونیتھ ویلالاگے بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔بولنگ اٹیک کی قیادت مہیش تھیکشنا اور لیگ اسپنر سچندو کولمبیج کریں گے۔ فاسٹ بولنگ شعبے میں دشمنتھا چمیرا۔ اسیتھا فرنینڈو۔ دلشان مدوشنکا اور ایشان مالنگا شامل ہیں۔
میزبان پاکستان کے خلاف 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز مکمل ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیم ون ڈے سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی۔ اس سیریز میں پاکستان کے ساتھ انگلینڈ بھی شامل ہے۔ ون ڈے سہ فریقی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا۔سری لنکا کی 16 رکنی ون ڈے ٹیمکوشل مینڈس کپتان۔ سہان آراچیگے۔ دشمنتھا چمیرا۔ سچندو کولمبیج۔ اویشکا فرنینڈو۔ اسیتھا فرنینڈو۔ جینتھ لیانگے۔ دلشان مدوشنکا۔ ایشان مالنگا۔ کمنڈو مینڈس۔ کامل مشرا۔ پاتھم نسانکا۔ پون رتنائیکے۔ داسن شناکا۔ مہیش تھیکشنا اور دونیتھ ویلالاگے۔