نئی دہلی۔ ہندوستان کو صحت مند اور فٹ ملک بنانے کے مقصد سے شروع کی گئی مہم ’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ اب ایک ملک گیر عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اس مہم کا 100واں ایڈیشن 29 نومبر کو منعقد ہوگا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سائیکلنگ پروگراموں کے ذریعے صحت اور کھیلوں کے تئیں بیداری پیدا کی جائے گی۔
وزارت برائے امور نوجوانان و کھیل کے مطابق اس مہم کا آغاز دسمبر 2024 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل کے بعد کیا گیا تھا۔ ابتدا میں نئی دہلی کے صرف 250 مقامات پر 500 افراد نے اس میں حصہ لیا تھا۔ لیکن گزشتہ 2 برسوں میں یہ مہم ملک کے مختلف حصوں تک پھیل گئی ہے اور عوامی تحریک بن چکی ہے۔
اس مہم کے 99ویں ایڈیشن میں یوم دستور کے موضوع پر ملک بھر کے 26,000 سے زیادہ مقامات پر لاکھوں شہریوں نے شرکت کی تھی۔ اب اس کے 100ویں ایڈیشن کو ایک اہم سنگ میل کے طور پر منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
100ویں ایڈیشن کا موضوع اولمپک تحریک
اس بار مہم کا 100واں ایڈیشن ہندوستان میں اولمپک تحریک کے فروغ کے لیے وقف ہوگا۔ اس کا موضوع ’انڈیا ریڈی فار اولمپکس‘ رکھا گیا ہے۔مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل منسکھ منڈاویا پونے کے پمپری چنچواڑ سے اس مہم کی قیادت کریں گے۔ یہاں تقریباً 50,000 سائیکل سواروں کی شرکت متوقع ہے۔MY Bharat کے اشتراک سے ملک کے ہر ضلع میں نوجوان اس مہم کا حصہ بنیں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے 100 اہم اور تاریخی مقامات پر خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جہاں 100 ہندوستانی اولمپین بھی شرکت کریں گے۔ اس کا مقصد سائیکلنگ کے ذریعے صحت مند ہندوستان کی تعمیر کے پیغام کو عام کرنا ہے۔
کھیلوں میں شفافیت اور مساوی مواقع کا پیغام
مہم کا یہ خصوصی ایڈیشن اولمپک تحریک کی بنیادی اقدار کو اجاگر کرے گا۔ ان میں بہتر نظم و نسق۔ دیانت داری۔ منصفانہ مقابلہ۔ شمولیت۔ کھلاڑیوں کی صحت اور فلاح و بہبود شامل ہیں۔ اس کے ساتھ پائیدار ترقی اور محفوظ کھیلوں کے ماحول کی اہمیت پر بھی زور دیا جائے گا۔اس اقدام کے ذریعے ہندوستان میں کھیلوں کے مستقبل کو اخلاقیات۔ کھلاڑیوں کی آواز اور سب کے لیے یکساں مواقع کی بنیاد پر آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا جائے گا۔ اس میں خواتین اور پیرا ایتھلیٹس کو بھی یکساں مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔حکومت کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب دینا ہے۔
روزانہ 30 منٹ فٹنس کا پیغام
’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ مہم وزیر اعظم نریندر مودی کے نعرے ’فٹنس کا ڈوز آدھا گھنٹہ روز‘ سے تحریک حاصل کرتی ہے۔ اس کے تحت شہریوں کو روزانہ کم از کم 30 منٹ جسمانی سرگرمی کے لیے وقف کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔وقت کے ساتھ یہ مہم صرف سائیکلنگ تک محدود نہیں رہی بلکہ وزیر اعظم کے مختلف قومی اور سماجی پیغامات کو عوامی شرکت کے ذریعے عملی شکل دینے کا پلیٹ فارم بن گئی ہے۔موٹاپے کے خلاف مہم۔ نشہ سے پاک ہندوستان اور آلودگی کا حل جیسے موضوعات پر منعقد ہونے والے خصوصی ایڈیشنوں کے ذریعے شہریوں میں صحت مند طرز زندگی اور سماجی ذمہ داری کا شعور پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس مہم کا وسیع تر مقصد فٹ انڈیا اور وکست بھارت کے تصور کو عوامی تحریک میں تبدیل کرنا ہے تاکہ ملک کا ہر شہری صحت مند اور فعال زندگی گزارنے کی جانب قدم بڑھا سکے۔