دوحہ:15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 میں کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ انہوں نے لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین سنچری اور ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے انڈیا اے کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف 7 وکٹوں سے شاندار کامیابی دلائی۔ منگل کو دوحہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس مقابلے میں سوریہ ونشی نے محض 53 گیندوں پر 204 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔
250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا اے نے صرف 14.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بناکر کامیابی حاصل کرلی۔ اس طرح ٹیم نے 214 گیندیں باقی رہتے ہوئے سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔ انڈیا اے کے مجموعی 254 رنز میں سے 204 رنز اکیلے سوریہ ونشی نے بنائے جبکہ باقی بلے بازوں نے مجموعی طور پر 50 رنز کا حصہ ڈالا۔
سوریہ ونشی نے صرف 28 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور آسٹریلیا کے جیک فریزر میک گرک کا 29 گیندوں پر سنچری بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے بہار کے ساتھی کھلاڑی ثاقب الغنی کا 32 گیندوں پر سنچری بنانے کا ہندوستانی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
सभी रिकॉर्ड ध्वस्त... बिहार के लाल ने रच दिया क्रिकेट के इतिहास में नया अध्याय! 'Rising Asia Cup' में UAE के खिलाफ मात्र 52 गेंदों में दोहरा शतक जड़कर वैभव सूर्यवंशी ने ऐतिहासिक कीर्तिमान स्थापित किया है। हार्दिक बधाई वैभव! यूँ ही चमकते रहो और देश का नाम रोशन करते रहो! 🇮🇳 https://t.co/HSkteVtdzY
— Vinod Tawde (@TawdeVinod) November 24, 2026
بائیں ہاتھ کے اس نوجوان بلے باز نے اننگز کے پہلے اوور میں 2 ڈاٹ گیندیں کھیلنے کے بعد جارحانہ انداز اختیار کیا اور مسلسل 3 چھکے لگاکر پہلی 6 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔ انہوں نے صرف 16 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کرلی تھی اور اس وقت تک 8 چھکے لگا چکے تھے۔
انڈیا اے کو ابتدائی اوورز میں دو وکٹوں کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ ابھیشیک شرما 5 گیندوں پر 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ پربھسمرن سنگھ صرف 3 رنز بناسکے۔ تاہم سوریہ ونشی کی جارحانہ بیٹنگ جاری رہی۔ انہوں نے پانچویں اوور میں اسپنر سمرنجیت سنگھ کو نشانہ بنایا۔ ان کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت انڈیا اے نے لسٹ اے کرکٹ میں ٹیم کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی قائم کیا اور صرف 5 اوورز میں 100 رنز مکمل کرلیے۔
سوریہ ونشی نے 28 گیندوں پر سنچری مکمل کرنے کے بعد اپنی رفتار مزید تیز کردی۔ انہوں نے ساتویں اوور میں ہی 30 رنز بٹورے اور صرف 40 گیندوں پر 150 رنز مکمل کرکے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین 150 رنز بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ اس سے قبل ان کا اپنا ریکارڈ 59 گیندوں پر 150 رنز بنانے کا تھا۔
نوجوان بلے باز نے اس کے بعد صرف 52 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کرکے ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے یو اے ای کے کپتان باسل حمید کی گیند پر چھکا لگا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ اس سے قبل لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے چاڈ بوز کے پاس تھا جنہوں نے 2024 میں فورڈ ٹرافی کے دوران کینٹربری کی جانب سے اوٹاگو کے خلاف 103 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔
ڈبل سنچری مکمل کرنے کے اگلے ہی گیند پر سوریہ ونشی ایک اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔ یو اے ای کے آرینش شرما نے ان کا کیچ لیا۔ سوریہ ونشی نے اپنی 53 گیندوں کی اننگز میں 28 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے وقت انڈیا اے کو جیت کے لیے صرف 5 رنز درکار تھے۔ رنکو سنگھ نے 15ویں اوور میں چھکا لگاکر ٹیم کو کامیابی دلادی۔
اس سے قبل یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے تھے۔ ایک وقت میں اس کی ٹیم 20 رنز پر 2 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ ہرشیت رانا نے آرینش شرما کو 2 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ ارشد خان نے انش ٹنڈن کو 8 رنز پر پویلین بھیجا۔
اس مشکل صورت حال میں ہربریت سنگھ بھاٹیہ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 144 گیندوں پر 130 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے محمد شہزاد اور ایتھن ڈی سوزا کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں۔ ایتھن نے 25 رنز بنائے جبکہ کپتان باسل حمید 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈیا اے کی جانب سے ارشد خان سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 43 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور آخری اوورز میں یو اے ای کی رن بنانے کی رفتار پر قابو پایا۔ انہوں نے 47ویں اوور میں مسلسل 2 وکٹیں حاصل کرکے یو اے ای کو 249 رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تاہم یو اے ای کا یہ اسکور سوریہ ونشی کی غیر معمولی اننگز کے سامنے ناکافی ثابت ہوا۔ انڈیا اے نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی