نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں محمد سراج کو پلیئنگ الیون میں شامل نہ کیے جانے پر اٹھنے والے تنازع پر وضاحت پیش کی ہے۔ انہوں نے محمد سراج کو اپنا بہت اچھا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔ گل کی یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے الزام لگایا تھا کہ محمد سراج کو ان کے نام اور مذہبی شناخت کی وجہ سے ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔
سراج فیصلے کو سمجھ گئے تھے: شبمن گل
شبمن گل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے ٹیسٹ میچ سے پہلے ذاتی طور پر محمد سراج سے بات کی تھی اور انہیں ٹیم سے باہر رکھنے کی وجوہات سمجھائی تھیں۔ ان کے مطابق سراج نے ٹیم کے فیصلے کو سمجھ لیا تھا۔گل نے کہا کہ ’’سراج میرے بہت اچھے دوست ہیں۔ انہیں ٹیم سے باہر رکھنا ہمارے لیے بہت مشکل فیصلہ تھا۔ ہم نے ایک ساتھ کافی کرکٹ کھیلی ہے اور میں انہیں ابتدائی دنوں سے جانتا ہوں۔ ٹیسٹ میچ سے پہلے میری ان سے بات ہوئی تھی اور میں نے انہیں فیصلے کی وضاحت کی تھی۔ انہوں نے اسے سمجھ لیا تھا۔‘‘انہوں نے سراج کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل مرحلے کے بعد مزید مضبوط واپسی کریں گے۔
گل نے کہا کہ ’’سراج جس طرح کے کھلاڑی ہیں وہ یہاں سے مزید بہتر انداز میں واپسی کریں گے۔‘‘
سراج کے انتخاب پر سیاسی تنازع
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون میں محمد سراج کو شامل نہ کیے جانے کے بعد سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ بیرون ملک کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں عمدہ کارکردگی کے باوجود انہیں ٹیم میں جگہ نہیں ملی اور ان کی جگہ انشول کمبوج اور آکاش دیپ کو منتخب کیا گیا۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے اس فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے مذہبی امتیاز کا الزام لگایا تھا۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے سہارنپور کے رکن پارلیمنٹ نے کہا تھا کہ سراج کی اچھی کارکردگی کے باوجود انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا اور اس کی وجہ ان کا نام ہے۔عمران مسعود نے الزام لگایا تھا کہ ’’ان کا نام سراج ہے اور اسی وجہ سے انہیں ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔ اگر اچھی کارکردگی کے باوجود انہیں منتخب نہیں کیا جاتا تو امتیاز واضح ہے۔‘‘