نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی کو ایک بار پھر قومی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی ٹیموں کا اعلان کیا ہے جس میں 36 سالہ شامی کا نام شامل نہیں ہے۔شامی نے آخری مرتبہ مارچ 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ ہندوستان نے یہ مقابلہ جیت کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ شامی نے ٹورنامنٹ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 5 اننگز میں 25.88 کی اوسط سے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس کے بعد بنگال کے اس فاسٹ بولر نے 2026 کی دلیپ ٹرافی میں حصہ لیا اور 3 میچوں میں 26.57 کی اوسط سے 7 وکٹیں حاصل کرکے ایسٹ زون کو خطاب دلانے میں مدد کی۔ انہوں نے 2025-26 کے رنجی ٹرافی سیزن میں بنگال کی جانب سے 7 میچوں میں 16.72 کی اوسط سے 37 وکٹیں حاصل کیں۔ 2026-27 کے رنجی ٹرافی سیزن میں اپنے واحد میچ میں بھی انہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 30 رن دے کر 4 وکٹیں اور دوسری اننگز میں 29 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
تاہم انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2025 اور 2026 کے سیزن میں ان کی کارکردگی نسبتاً معمولی رہی۔ انہوں نے 2025 میں سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے 9 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 2026 میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 13 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔گھریلو کرکٹ میں شامی کی شاندار کارکردگی کے بعد قومی ٹیم میں ان کی واپسی کی امیدیں بڑھ گئی تھیں۔ خاص طور پر ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ میں ان کی شمولیت کی توقع کی جارہی تھی۔ یہ امیدیں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب ان کے ہم عصر اور 36 سالہ فاسٹ بولر بھونیشور کمار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے بھارتی ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا۔ یہ سیریز ون ڈے اور ٹیسٹ مقابلوں سے پہلے کھیلی جائے گی۔
اگر بھونیشور کو کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو وہ اگست 2022 کے بعد پہلی بار نہیں بلکہ 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان کی جانب سے کسی بین الاقوامی میچ میں میدان میں اتریں گے۔ ایڈیلیڈ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا گیا یہ سیمی فائنل ان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ تھا۔اس کے بعد بھونیشور کمار نے رائل چیلنجرز بنگلورو کے لیے آئی پی ایل میں شاندار واپسی کی۔ انہوں نے 31 میچوں میں 22.55 کی اوسط اور 8.52 کے اکانومی ریٹ سے 45 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی کارکردگی نے بنگلورو کو 2025 اور 2026 میں مسلسل 2 آئی پی ایل خطاب جیتنے میں مدد دی۔
دوسری جانب شامی کے بنگال کے ساتھی فاسٹ بولر آکاش دیپ کو بھی طویل وقفے کے بعد بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے آخری ٹیسٹ میچ گزشتہ سال اگست میں اوول میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ کمر کے نچلے حصے میں چوٹ کے باعث وہ تقریباً 8 ماہ تک مسابقتی کرکٹ سے دور رہے۔انشول کمبوج کو بھی بھارتی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا ہے۔ وہ 2025 میں ہندوستان کے دورۂ انگلینڈ کے دوران ایک ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں لیکن بعد میں انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔
بی سی سی آئی نے جمعہ کو نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیموں کا اعلان کیا۔ 5 میچوں کی ون ڈے سیریز 4 نومبر سے 15 نومبر تک کھیلی جائے گی جبکہ 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھارتی ٹیمیں
پہلے 3 ون ڈے میچوں کے لیے
شبھمن گل (کپتان)۔ روہت شرما۔ وراٹ کوہلی۔ شریاس ایئر (نائب کپتان)۔ کے ایل راہل (وکٹ کیپر)۔ نتیش کمار ریڈی۔ اکشر پٹیل۔ نمن دھیر۔ انشول کمبوج۔ گرنور برار۔ رتوراج گائیکواڑ۔ ارشدیپ سنگھ۔ ایشان کشن (وکٹ کیپر)۔ محمد سراج۔ پرسدھ کرشنا۔ کلدیپ یادو۔آخری 2 ون ڈے میچوں کے لیےشریاس ایئر (کپتان)۔ روہت شرما۔ وراٹ کوہلی۔ تلک ورما۔ ایشان کشن (وکٹ کیپر اور نائب کپتان)۔ نتیش کمار ریڈی۔ اکشر پٹیل۔ نمن دھیر۔ عاقب نبی۔ گرنور برار۔ رتوراج گائیکواڑ۔ ارشدیپ سنگھ۔ کمار کشاگرا (وکٹ کیپر)۔ محمد سراج۔ یش ٹھاکر۔ کلدیپ یادو۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم
شبھمن گل (کپتان)۔ یشسوی جیسوال۔ کے ایل راہل (نائب کپتان)۔ دیودت پڈیکل۔ رشبھ پنت (وکٹ کیپر۔ فٹنس کی منظوری سے مشروط)۔ دھرو جوریل (وکٹ کیپر)۔ رویندر جڈیجہ۔ انشول کمبوج۔ جسپریت بمراہ۔ پرسدھ کرشنا۔ آکاش دیپ۔ سائی سدرشن۔ نتیش کمار ریڈی۔ واشنگٹن سندر۔ کلدیپ یادو۔ محمد سراج۔