ایشین گیمز میراتھن: ساون بروال نے 44 سال کا انتظار ختم کیا ہندوستان کو 1982 کے بعد پہلا تمغہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-09-2026
 ایشین گیمز میراتھن: ساون بروال نے 44 سال کا انتظار ختم کیا ہندوستان کو 1982 کے بعد پہلا تمغہ
ایشین گیمز میراتھن: ساون بروال نے 44 سال کا انتظار ختم کیا ہندوستان کو 1982 کے بعد پہلا تمغہ

 



آئچی ناگویا:ہندوستانی میراتھن رنر ساون بروال نے ایشین گیمز 2026 میں تاریخ رقم کردی ہے۔ انہوں نے مردوں کی میراتھن میں چاندی کا تمغہ جیت کر اس مقابلے میں ہندوستان کے 44 سالہ تمغے کے انتظار کو ختم کردیا۔ساون بروال نے 2 گھنٹے 11 منٹ 37 سیکنڈ کا وقت نکال کر ذاتی بہترین کارکردگی پیش کی اور مردوں کی میراتھن میں نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ جاپان کے یاماشیتا نے طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے ریس کے آخری مرحلے میں سبقت حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

بروال نے پوری ریس کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 10 کلومیٹر کے بعد وہ سرفہرست دوڑنے والوں میں شامل رہے۔ 21 کلومیٹر کے مقام پر انہوں نے برتری حاصل کی اور رفتار تیز ہونے کے باوجود سرفہرست گروپ کے ساتھ بنے رہے۔30 سے 35 کلومیٹر کے درمیان بھی ہندوستانی ایتھلیٹ سرفہرست دعویداروں میں شامل رہے۔ اس مرحلے پر جاپان کے یاماشیتا۔ چین کے ہان اور ساون بروال سرفہرست 3 رنرز بن گئے۔

36 کلومیٹر کے مقام پر یاماشیتا نے پیچھا کرنے والے گروپ سے تقریباً 20 سے 30 میٹر کی دوری بنا لی۔ بروال نے اپنی شاندار دوڑ جاری رکھتے ہوئے دوسری پوزیشن برقرار رکھی اور فنش لائن تک چاندی کے تمغے کی پوزیشن پر قائم رہے۔

ساون بروال کا چاندی کا تمغہ ایشین گیمز میں میراتھن کے مقابلے میں 44 سال بعد ہندوستان کا پہلا تمغہ ہے۔ ان کی کارکردگی نے آئچی ناگویا ایشین گیمز میں ہندوستان کی ایتھلیٹکس مہم میں ایک اور تاریخی کامیابی کا اضافہ کیا ہے۔ہندوستان کے کارتک کرکیرا نے بھی مردوں کی میراتھن کے فائنل میں حصہ لیا۔ وہ ریس کے ابتدائی مرحلے میں سرفہرست گروپ کا حصہ تھے لیکن ریس آگے بڑھنے کے ساتھ وہ پیچھے ہوگئے۔

ایشین گیمز 2026 میں اب تک ہندوستان نے 24 تمغے جیتے ہیں۔ ان میں 2 طلائی۔ 10 چاندی اور 12 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ ان میں سے 10 تمغے شوٹنگ میں حاصل ہوئے ہیں۔دریں اثنا ہفتہ کو ایشین گیمز 2026 میں ہندوستانی مردوں اور خواتین کی کبڈی ٹیمیں طلائی تمغے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ 2 مرتبہ کی اولمپک تمغہ یافتہ پی وی سندھو بھی بیڈمنٹن میں خواتین کے سنگلز مقابلے میں اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق ہندوستانی مردوں اور خواتین کی دونوں کبڈی ٹیموں کا طلائی تمغے کے لیے ایران سے مقابلہ ہوگا۔ خواتین کا فائنل صبح جبکہ مردوں کا فائنل دوپہر میں ٹوکائی سٹیزن جمنازیم میں کھیلا جائے گا۔

ہندوستانی مردوں کی ٹیم ایشین گیمز میں اپنا 9 واں طلائی تمغہ جیتنے کی کوشش کرے گی جبکہ خواتین کی ٹیم چوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔بیڈمنٹن میں پی وی سندھو خواتین کے سنگلز مقابلے میں اپنی مہم شروع کریں گی۔ وہ مردوں کے ڈبلز مقابلے میں ستوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کے غیر متوقع طور پر باہر ہونے کے بعد بیڈمنٹن میں ہندوستان کی مہم کی قیادت کرنے کی کوشش کریں گی۔