ممبئی: کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر نے اپنے کرکٹ کریئر کی چند انتہائی قیمتی اور یادگار اشیا ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) کے شرد پوار کرکٹ میوزیم کو تحفے میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اشیا میں وہ بلے بھی شامل ہیں جن سے انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی 100 سنچریاں مکمل کی تھیں۔ ان یادگار اشیا کو میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا تاکہ آنے والی نسلیں بھی کرکٹ کی اس عظیم تاریخ سے واقف ہو سکیں۔
ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان قیمتی اشیا کی نمائش کا افتتاح 16 نومبر 2026 کو ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا۔ اس تاریخ کو سچن ٹنڈولکر کی بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کے 13 سال مکمل ہوں گے۔ انہوں نے 16 نومبر 2013 کو اپنے ہوم گراؤنڈ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا تھا۔
اس موقع پر میوزیم میں ’بیٹوگرافی‘ (Batography) کے عنوان سے ایک خصوصی نمائش بھی پیش کی جائے گی۔ اس میں سچن ٹنڈولکر کے کریئر کے 26 بلوں کے ساتھ ان کی زندگی اور کرکٹ کے اہم مواقع سے وابستہ دیگر یادگار اشیا شامل ہوں گی۔ سوانح عمری کے تصور سے ماخوذ اس نمائش کے ذریعے سچن کے کرکٹ سفر کی کہانی ان بلوں کی مدد سے بیان کی جائے گی جنہوں نے ان کے کریئر کے کئی تاریخی لمحات میں ان کا ساتھ دیا۔ ہر بلا ان کے کریئر کے ایک اہم باب کی نمائندگی کرے گا اور شائقین کو ان ریکارڈز اور کامیابیوں کے پس منظر کو قریب سے جاننے کا موقع ملے گا۔
ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اجنکیا نائک نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کی ہندوستانی اور عالمی کرکٹ کے لیے خدمات ان کے قائم کردہ ریکارڈز سے کہیں بڑھ کر ہیں۔ ان کا سفر کروڑوں کرکٹ شائقین کی یادوں کا حصہ ہے اور یہ بلے ان کے اسی سفر کی انتہائی ذاتی اور قیمتی یادگاریں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’بیٹوگرافی‘ کے ذریعے میوزیم میں ایک منفرد پہلو شامل کیا جا رہا ہے جس سے لوگ ان بلوں کو دیکھ کر ان تاریخی کامیابیوں کی کہانی بھی جان سکیں گے۔ ہمیں فخر ہے کہ سچن نے اپنی یہ قیمتی اشیا ایم سی اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی غیر معمولی وراثت آنے والی نسلوں کے لیے بھی محفوظ اور قابل رسائی رہے۔
بلوں کے علاوہ سچن کے کریئر کے اہم مواقع اور کامیابیوں سے وابستہ ہیلمٹ۔ جرسی۔ ذاتی نوٹس اور دیگر یادگار اشیا بھی نمائش کا حصہ ہوں گی۔ میوزیم میں ان کے لیے ایک مخصوص جگہ مختص کی جائے گی جہاں شائقین ان کے شاندار کرکٹ سفر کے اہم لمحات اور یادوں کو دوبارہ تازہ کر سکیں گے۔