۔ 46 سال کی عمر میں رونالڈینو کی فٹبال میدان میں واپسی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2026
۔ 46 سال کی عمر میں رونالڈینو کی فٹبال میدان میں واپسی
۔ 46 سال کی عمر میں رونالڈینو کی فٹبال میدان میں واپسی

 



روم: برازیل کو 2002 میں فیفا ورلڈ کپ جتوانے والے سابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈینو نے 46 سال کی عمر میں مسابقتی فٹبال میں شاندار واپسی کی ہے۔ انہوں نے 11 سال کے طویل وقفے کے بعد اتوار کو اٹلی کے تیسرے درجے کے کلب ریوینا کی جانب سے اپنا پہلا مسابقتی میچ کھیلا۔ یہ مقابلہ فورلی کے خلاف مقامی ڈربی میچ تھا۔

برازیل کے اس عظیم کھلاڑی نے اپنی روایتی نمبر 10 کی جرسی پہن کر میدان میں قدم رکھا اور میچ کا پورا پہلا ہاف کھیلا۔ ہاف ٹائم کے دوران انہوں نے اسٹیڈیو برونو بینیلی میں میدان کا چکر لگایا اور تماشائیوں کی جانب ہاتھ ہلا کر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شائقین اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور تالیاں بجا کر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کا خیرمقدم کیا۔

ریوینا نے اس یادگار مقابلے میں فورلی کو 2-0 سے شکست دی۔ رونالڈینو نے میچ کے 36ویں منٹ میں جیولیو ڈوناتی کے پہلے گول میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سیمونے رابی نے 58ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔

رائٹرز کے مطابق رونالڈینو نے اسکائی اسپورٹ اٹالیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنا۔ فٹبال کھیلنا اور ڈریسنگ روم میں میچ سے پہلے کی سرگرمیوں کا حصہ بننا ان کے لیے خوشگوار تجربہ رہا۔

انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر انہیں خاص خوشی ہوئی جو بچپن سے انہیں کھیلتے ہوئے دیکھتے آئے ہیں۔

رونالڈینو نے آخری مرتبہ ستمبر 2015 میں برازیل کے کلب فلومینینسی کی جانب سے پیشہ ورانہ فٹبال کھیلی تھی۔ انہوں نے 2018 میں باضابطہ طور پر فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

ریوینا کلب کے صدر اگنازیو سیپریانی رونالڈینو کے دیرینہ دوست ہیں۔ کلب نے جون میں ان کی شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ سابق بارسلونا اسٹار نے کلب میں حصہ داری بھی حاصل کی ہے۔

رونالڈینو کو فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 2002 میں برازیل کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ جیتا۔ 2005 میں بیلن ڈی اور ایوارڈ حاصل کیا اور 2006 میں بارسلونا کی جانب سے یوئیفا چیمپئنز لیگ کا خطاب اپنے نام کیا۔

اپنی واپسی کے تجربے کے بارے میں رونالڈینو نے کہا کہ میچ انہیں بہت مختصر محسوس ہوا۔ انہوں نے ریوینا کے لیے دوبارہ کھیلنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت بہت تیزی سے گزر گیا اور فٹبال ہمیشہ سے ان کے لیے ایسا ہی رہا ہے۔ اگر کلب کے صدر انہیں دوبارہ بلائیں گے تو وہ ایک بار پھر میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔