ممبئی: ہندوستانی بلے باز روہت شرما نے ٹیسٹ میچوں کے دوران رات کی بھوک اور گھبراہٹ سے نمٹنے کے لیے اپنے پسندیدہ اسنیک کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا فارمیٹ انہیں اکثر بے چین کردیتا تھا اور وہ رات بھر جاگتے رہتے تھے۔
روہت شرما نے 2013 سے 2024 تک ہندوستان کے لیے 67 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ انہوں نے اپنے ٹی وی شو ’فیملی فل ہاؤس ود روہت شرما‘ میں بتایا کہ ٹیسٹ میچوں کے دوران انہیں رات میں بھوک لگتی تھی اور ان کا سکون بخش کھانا ان کی والدہ کے ہاتھ کے بنے ہوئے کیلے کے ویفرز تھے۔
روہت نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ٹیسٹ فارمیٹ میں 40.57 کی اوسط سے 4301 رنز بنائے۔ ان کے نام 12 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور 212 رنز رہا۔
رات کی بھوک کے بارے میں بات کرتے ہوئے روہت نے کہا کہ یہ بھوک تو لگتی تھی اور وہ اس بارے میں جھوٹ نہیں بولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ ٹیسٹ میچ کھیلتے تھے تو اندر سے بہت گھبراہٹ محسوس کرتے تھے۔ ٹیسٹ ان کا پسندیدہ فارمیٹ تھا اور اسی وجہ سے اس میں کھیلنے کے دوران خاص طور پر زیادہ دباؤ محسوس ہوتا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ کے چیلنجز اور اس کے نیند پر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے روہت نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ آسان فارمیٹ نہیں ہے۔ کوئی بھی فارمیٹ آسان نہیں ہوتا لیکن ٹیسٹ میچ کے اپنے الگ چیلنجز ہوتے ہیں۔ وہ ٹیسٹ میچ کے لیے ہمیشہ گھبرائے رہتے تھے اور اسی گھبراہٹ کی وجہ سے انہیں نیند نہیں آتی تھی۔ وہ رات بھر جاگتے رہتے تھے۔
روہت نے بتایا کہ رات بھر جاگنے کے دوران کچھ کھانے کا دل کرتا تھا۔ ایسے وقت میں وہ ہمیشہ اپنا پسندیدہ اسنیک اپنے ساتھ رکھتے تھے جو ان کی والدہ گھر پر بنا کر دیتی تھیں۔ یہ کیلے کے ویفرز تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ کیلے کے ویفرز کو تلتی نہیں تھیں بلکہ انہیں بیک کرتی تھیں۔ روہت نے کہا کہ وہ یہ ویفرز ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتے تھے اور جب بھی کچھ کھانے کا دل کرتا تھا تو انہیں کھا لیتے تھے۔
روہت شرما کا یہ شو ہفتہ سے سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن پر نشر کیا جائے گا۔