رمیز راجہ بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-09-2021

رمیز راجہ بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب
رمیز راجہ بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

 


کراچی: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بلامقابلہ نئے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق سوموار کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کی زیر صدارت منعقد ہوا، جہاں نئے چیئرمین کا انتخاب کیا گیا۔

رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36ویں چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ ان کے عہدے کی معیاد تین سال ہے۔

خیال رہے کہ پی سی بی کے پیٹرن اور وزیراعظم عمران خان نے27 اگست2021 کو رمیز راجہ کو تین سال کے لیے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کیا تھا۔

وہ چوتھے کرکٹر ہیں جو پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔

ان سے قبل سابق کرکٹرز عبدالحفیظ کاردار (77-1972)، جاوید برکی (95-1994)، اور اعجاز بٹ (11-2008) چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ 'میں آپ سب کا مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا اور میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ ہم پاکستان کرکٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں مقامات پر مضبوط کریں اور پروان چڑھائیں۔'

'میری پہلی ترجیح قومی کرکٹ ٹیم میں اُس سوچ، ثقافت اور نظریے کو متعارف کروانا ہے کہ جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنا دیا تھا۔

ایک ادارے کی حیثیت سے ہم سب کو قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ان کی مطلوبہ ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں کہ جس کی ان سے شائقین کرکٹ توقع کرتے ہیں۔'

رمیز راجہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے 18ویں اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 12ویں کپتان رہے ہیں۔

سنہ 1984 سے 1997 پر مشتمل اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں رمیز راجہ نے مجموعی طور پر 255 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8674 رنز بنائے۔

وہ سال 2003 سے 2004 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں۔