راولپنڈی۔ پاکستان کے کپتان اور اسٹار بلے باز بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل حاصل کرلیا ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کامیابی راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف سہ فریقی سیریز کے میچ میں حاصل کی۔ اس سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے 57 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ سال 2015 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والے بابر اعظم اب تک 355 بین الاقوامی میچوں کی 399 اننگز میں 45.30 کی اوسط سے 16,038 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کے نام 32 سنچریاں اور 111 نصف سنچریاں درج ہیں جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 196 رنز ہے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی رنز بنانے والوں میں انضمام الحق 20,541 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ یونس خان نے 17,790 رنز اور محمد یوسف نے 17,134 رنز بنائے ہیں۔ جاوید میانداد 16,213 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ بابر اعظم اب 16 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے پانچویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم نے 66 میچوں میں 42.98 کی اوسط سے 4,771 رنز بنائے ہیں۔ اس فارمیٹ میں ان کے نام 9 سنچریاں اور 34 نصف سنچریاں ہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں بابر اعظم کی کارکردگی خاصی نمایاں رہی ہے۔ انہوں نے 144 میچوں کی 141 اننگز میں 53.36 کی اوسط سے 6,671 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 20 سنچریاں اور 38 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور 158 رنز ہے۔
ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی بابر اعظم پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 145 میچوں کی 136 اننگز میں 38.94 کی اوسط اور 128.02 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4,596 رنز بنائے ہیں۔ اس فارمیٹ میں ان کے نام 3 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور 122 رنز ہے۔
رواں سال ون ڈے کرکٹ میں بابر اعظم نے 4 اننگز میں 42.50 کی اوسط سے 170 رنز بنائے ہیں جس میں ایک نصف سنچری شامل ہے۔ تمام بین الاقوامی فارمیٹس میں وہ اس سال 18 میچوں کی 21 اننگز میں 41.22 کی اوسط سے 742 رنز بنا چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 6 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور ان کا بہترین اسکور 88 رنز رہا ہے۔
پاکستان نے 305 رنز بنائے
میچ کی بات کریں تو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم ایک وقت 118 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ اس مشکل صورت حال میں سلمان آغا اور حسن نواز کے درمیان 97 رنز کی شراکت نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ حسن نواز نے 49 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔
سلمان آغا نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز بنائے۔ یہ ان کی ون ڈے کرکٹ میں چوتھی سنچری تھی۔ ان کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 49.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسیتھا فرنانڈو نے 59 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔Q