پاکستان نےبنگلہ دیش کو ہرا یا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستان نےبنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے ہرا یا
پاکستان نےبنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے ہرا یا

 

 

ڈھاکا : پاکستان نے ہفتے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی میزبان بنگلہ دیش کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔ ڈھاکا کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے مقابلے کی طرح بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم بنا کسی تبدیلی کے میدان میں اتری جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا اور پچھلے ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر آف دی میچ حسن علی کو آرام کروایا گیا۔

شاہین آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں اوپنر سیف الحسن اور دوسرے اوور میں محمد وسیم جونیئر نے محمد نعیم کو آؤٹ کر کے میزبان ٹیم پر دباؤ ڈال دیا۔

اس موقعے پر نجم الحسن اور افیف حسین نے اننگز کر سنبھالتے ہوئے 46 رنز کی شراکت کی، جس کے بعد نویں اوور میں شاداب خان نے افیف (20 رنز) کو آؤٹ کر دیا۔

نجم الحسن (40 رنز) نے بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان محمود اللہ کے ساتھ ایک اور پارٹنرشپ بنانے کی کوشش کی جس میں وہ کسی حد تک کامیاب ہوئے اور مجموعی سکور کو 89 تک لے گئے۔

 لیکن اس کے بعد محمود اللہ (12 رنز) حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ محمد وسیم، حارث رؤف اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 جواب میں پاکستان نے باآسانی 109 رنز کا ہدف محض دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پاکستان کی بیٹنگ کے دوران میزبان بولرز کسی بھی مرحلے پر خطرہ ثابت نہ ہوئے۔ ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ سکورر اور کپتان بابر اعظم مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے۔

 وہ آج صرف ایک رن بنانے کے بعد مستفیض الرحمٰن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ تاہم ان کے پارٹنر اوپنر محمد رضوان کی عمدہ پرفارمنس کا تسلسل جاری ہے۔

انہوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 85 رنز کی فیصلہ کن پارٹنر شپ بنائی۔ رضوان 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان 57 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔