ہندوستان ۔ نیوزی لینڈ پہلا ٹیسٹ ڈرا پر ختم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2026
ہندوستان ۔  نیوزی لینڈ پہلا ٹیسٹ ڈرا پر ختم
ہندوستان ۔ نیوزی لینڈ پہلا ٹیسٹ ڈرا پر ختم

 



ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل اور گلین فلپس کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کو ڈرا کرانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ پیر کو ویلنگٹن کے بیسن ریزرو میں کھیلے گئے میچ کے آخری دن نیوزی لینڈ نے 120 اوورز تک بلے بازی کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔ اس طرح ہندوستان فتح سے صرف 5 وکٹ دور رہ گیا۔

 

ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 720 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔ اس طرح اسے نیوزی لینڈ پر 352 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 368 رنز بنائے تھے۔

آخری دن ہندوستان کو جیت کے لیے نیوزی لینڈ کی 8 وکٹیں حاصل کرنا تھیں۔ ہندوستانی گیند بازوں نے صبح کے سیشن میں ڈیون کونوے اور راچن رویندرا کو آؤٹ کرکے اچھی شروعات کی۔ بعد میں ٹام بلنڈل بھی پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے مضبوط دفاعی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی بولرز کو مزید کامیابی حاصل کرنے سے روک دیا۔

مچل نے 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فلپس نے 26 رنز بنائے۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 63 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور نیوزی لینڈ کو شکست سے بچا لیا۔

 

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں ہنری نکولس نے 175 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ گلین فلپس نے 118 رنز بنائے۔ دونوں نے پانچ وکٹیں 70 رنز پر گرنے کے بعد چھٹی وکٹ کے لیے 216 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 368 رنز تک پہنچایا۔ اس شاندار کارکردگی پر ہنری نکولس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 

ہندوستان کی جانب سے پہلی اننگز میں کے ایل راہل نے 136 رنز بنائے جبکہ رشبھ پنت نے 128 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کپتان شبھمن گل 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یشسوی جیسوال نے 85 اور دیودت پڈیکل نے 80 رنز کا تعاون دیا۔

ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تقریباً 12 ماہ بعد واپسی کی اور نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کو دونوں اننگز میں پہلی ہی اوور میں آؤٹ کیا۔

اس میچ کے ڈرا ہونے سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (WTC) کے پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان چوتھے مقام پر برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ ٹاپ 2 سے باہر ہوگیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ جمعہ سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔