آئچی ناگویا۔ہندوستانی شوٹر نیرُو دھانڈا نے منگل کو ایشین گیمز 2026 میں خواتین کے انفرادی ٹریپ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔ انہوں نے کوالیفکیشن اور فائنل دونوں میں سب سے زیادہ اسکور کیا اور آئچی ناگویا گیمز میں ہندوستان کے لیے پانچواں گولڈ حاصل کیا۔نیرُو دھانڈا نے اس سے قبل خواتین کے ٹریپ ٹیم مقابلے میں ہندوستان کو سلور میڈل دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ بارش کے دوران فائنل میں انہوں نے اپنی توجہ برقرار رکھی اور 26 پوائنٹس کے ساتھ 8 شوٹرز پر مشتمل فائنل میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
چین کی سن یونونگ اور کویت کی ہاجر عبدالملک نے 21۔21 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ قطر کی رے باسل 16 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں۔دھانڈا نے فائنل کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور پہلے سیریز میں تمام 5 اہداف درست نشانہ لگائے۔ دوسری سیریز میں ایک بار نشانہ چوکنے کے باوجود انہوں نے فوری طور پر واپسی کی اور مقابلے میں اپنی گرفت برقرار رکھی۔تیسری سیریز میں انہوں نے تمام اہداف کو نشانہ بنا کر دوبارہ برتری حاصل کی۔ چوتھی سیریز کے بعد 20 میں سے 19 نشانے درست لگائے۔
25 شاٹس کے بعد دھانڈا 23۔21 کی برتری کے ساتھ سن یونونگ سے آگے تھیں۔ ہاجر عبدالملک بھی 21 پوائنٹس پر تھیں لیکن اس مرحلے پر مقابلے سے باہر ہوگئیں۔ اس کے بعد ہندوستانی شوٹر نے فیصلہ کن مرحلے میں اپنا حوصلہ برقرار رکھتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔