بیونس آئرس۔ فٹ بال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے انٹر میامی کے لیے تمام مقابلوں میں اپنا 100 واں گول کیا۔ میسی نے بدھ کی شب نیو اسٹیڈیم میں کروز ازول کے خلاف کیمپیونز کپ کے فائنل میں انٹر میامی کی 2-0 سے کامیابی میں پہلا گول ہیڈر کے ذریعے کیا۔ورلڈ کپ فاتح لیونل میسی نے انٹر میامی کے لیے صرف 115 میچوں میں 100 گول مکمل کیے ہیں۔ یہ کسی بھی کلب یا ملک کے لیے ان کا سب سے تیز 100 گول کا سنگ میل ہے۔ ESPN کے مطابق میسی نے بارسلونا کے لیے 188 میچوں میں جبکہ ارجنٹینا کے لیے 174 میچوں میں 100 گول مکمل کیے تھے۔
2023 میں انٹر میامی سے وابستہ ہونے کے بعد میسی نے ایم ایل ایس میں 76 گول کیے ہیں۔ انہوں نے لیگس کپ میں 14 گول کیے ہیں۔ کونکاکاف چیمپئنز کپ میں 8 گول کیے ہیں جبکہ فیفا کلب ورلڈ کپ میں ایک گول کیا ہے۔
میسی کے گول کی بدولت میامی نے ایم ایل ایس اور لیگا ایم ایکس کے چیمپئنز کے درمیان سالانہ مقابلے میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ بعد میں کیسیمیرو نے آخری لمحات میں ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول کرکے انٹر میامی کو 2-0 سے کامیابی دلائی۔ اس طرح نئے ہیڈ کوچ کرسٹیان ’’کیلی‘‘ گونزالیز نے ٹیم کے انچارج کی حیثیت سے اپنے پہلے ہی میچ میں ٹرافی جیت لی۔میامی کے انچارج کی حیثیت سے گونزالیز کا پہلا میچ یادگار بن گیا۔ میسی نے کلب کے لیے اپنا 100 واں گول کیا اور ٹیم نے اسی رات ٹرافی بھی اپنے نام کرلی۔
ESPN کے مطابق گونزالیز نے کہا کہ لیو میسی نے ان سے کہا تھا کہ وہ چیمپئن بنیں گے اور میسی نے یہ بات سچ ثابت کردی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم کے حوصلے کے لیے بہت اہم ہے۔ یہ ہمارے لیے ایک اہم عنصر ہے اور اگرچہ ہم نے یہ کامیابی حاصل کرلی ہے لیکن ہمیں اپنا سفر جاری رکھنا ہوگا۔24 ویں منٹ میں لوئس سواریز نے دائیں جانب سے انتہائی درست کراس دیا جس پر میسی نے اپنے مدافع سے اونچا چھلانگ لگائی اور ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر انٹر میامی کو برتری دلادی۔