آئی پی ایل 2027 سے قبل مہیلا جے وردھنے ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2026
آئی پی ایل 2027 سے قبل مہیلا جے وردھنے ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی
آئی پی ایل 2027 سے قبل مہیلا جے وردھنے ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی

 



ممبئی: مہیلا جے وردھنے نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا یہ فیصلہ 2027 کے سیزن سے قبل سامنے آیا ہے۔جے وردھنے نے ممبئی انڈینز کے ساتھ اپنے دوسرے دور میں گزشتہ 2 سیزن تک ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھائی۔ اس سے قبل وہ 2017 سے 2022 تک بھی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ممبئی انڈینز نے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ مہیلا جے وردھنے ہیڈ کوچ کے عہدے سے الگ ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فرنچائز کے ساتھ ان کا تقریباً ایک دہائی پر محیط تعلق اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔

جے وردھنے کی کوچنگ میں ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل کے 3 خطاب جیتے۔ فرنچائز نے کہا کہ انہوں نے اپنے دونوں ادوار میں ٹیم کی ثقافت کو تشکیل دینے اور نظم و ضبط باہمی تعاون اور ٹیم کو انفرادی ترجیحات پر فوقیت دینے کے اصولوں پر مبنی ماحول قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔جے وردھنے نے اپنے بیان میں کہا کہ ممبئی انڈینز ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک ان کے سفر کا ایک خاص حصہ رہی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کوچنگ اسٹاف ٹیم کے حامیوں اور فرنچائز کی مالکان نیتا امبانی اور آکاش امبانی کا تعاون اور اعتماد کے لیے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ گزارے گئے وقت میں کئی ناقابل فراموش لمحات دیکھنے کو ملے۔ اس دوران چیلنجز کا سامنا کیا گیا اور ایسی کامیابیاں حاصل ہوئیں جن پر سب کو فخر ہے۔ جے وردھنے نے کہا کہ وہ ٹیم کے ساتھ حاصل کی گئی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ممبئی انڈینز کے لیے ہمیشہ اپنے دل میں ایک خاص جگہ رکھیں گے۔ انہوں نے مستقبل کے لیے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔نیتا امبانی نے جے وردھنے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت دیانت داری اور کھیل سے گہری وابستگی نے ممبئی انڈینز کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنچائز کے ساتھ جے وردھنے کا تعلق ہمیشہ برقرار رہے گا اور وہ ممبئی انڈینز کے خاندان کا حصہ رہیں گے۔ نیتا امبانی نے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ 2022 میں جے وردھنے کو ممبئی انڈینز گروپ میں گلوبل ہیڈ آف پرفارمنس کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اس حیثیت میں انہوں نے مختلف عالمی کرکٹ لیگز میں فرنچائز کی توسیع کی نگرانی کی اور کوچنگ ٹیموں کے ساتھ مل کر ممبئی انڈینز کی تمام ٹیموں کے لیے مشترکہ کرکٹ فلسفہ تشکیل دینے پر کام کیا۔ان کی اس مدت کے دوران ممبئی انڈینز ویمنز ایم آئی نیویارک اور ایم آئی ایمریٹس نے بھی اپنے اپنے مقابلوں میں خطاب جیتے۔ ان کامیابیوں نے عالمی سطح پر ممبئی انڈینز کی شناخت اور کامیابیوں میں مزید اضافہ کیا۔