کنگ پیلے کی طبعیت پھر بگڑی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-04-2022
کنگ پیلے کی طبعیت پھر بگڑی
کنگ پیلے کی طبعیت پھر بگڑی

 

 

ساو پالو : برازیل کے فٹ بال کے عظیم کھلاڑی پیلے کو آنتوں کے کینسر کے علاج کے لیے پیر سے ساؤ پاؤلو کے ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ البرٹ آئنسٹائن ہسپتال نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ایڈسن آرنٹس ڈو نیسیمینٹو کی، جنہیں عرف عام میں ’پیلے‘ کے نام سے جانا جاتا ہے طبی حالت ’اچھی اور مستحکم ہے اور انہیں اگلے چند دنوں میں ہسپتال سے فارغ کر دیا جانا چاہیے۔

اب تک کے عظیم ترین فٹ بالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈ کپ (1958، 1962 اور 1970) جیت سکے۔ برازیل میں ’او ری‘ یا ’دی کنگ‘ کے نام سے مشہور 81 سالہ شخص کو ماہ میں کم از کم ایک بار چیک اپ کروانے اور کولون ٹیومر کے خلاف کیموتھراپی جاری رکھنے کے لیے ہسپتال جانا ہوگا۔ خاندان کے مطابق اس بیماری کا پتہ گذشتہ ستمبر میں لگایا گیا تھا۔

آنتوں کے کینسر کی تشخیص سے قبل، جس کی وجہ سے پیلے کو گذشتہ سال ایک ماہ کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، سانتوس اور برازیل کی ٹیم کے سابق سٹار کو 2019 میں پیرس میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور گردے کی پتھری نکالنے کے لیے ساؤ پاؤلو منتقل کیا گیا تھا۔ 2014 میں، لیجنڈری ’10‘ کو پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں بائیں گردے کا ڈائلیسس کروانے پر مجبور کیا گیا تھا۔ 1970 کی دہائی میں چوٹ کی وجہ سے دائیں گردے کو نکال دیا گیا تھا۔ اسے کولہے کے مسائل بھی ہیں جس نے ان کی نقل و حرکت کو محدود کردیا اور انہیں وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور کیا۔

دنیا میں فٹ بال کے بہترین کھلاڑی تصور کیے جانے والے 81 سالہ پیلے کچھ سالوں سے صحت کے مسائل میں گھرے ہیں اور کئی بار ہسپتال میں داخل ہو چکے ہیں۔ 1977 میں ریٹائر ہونے سے قبل وہ ایک ہزار سے زائد گول سکور کر چکے تھے۔ پیلے 1977 میں فٹبال کے کھیل سے ریٹائر ہونے کے باوجود دنیا کے سب سے زیادہ معروف افراد میں سے ایک ہیں۔

ان کے بیٹے ایڈینہو نے فروری 2020 میں برازیل میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ پیلے اپنی خراب صحت پر افسردہ ہیں اور گھر سے نکلنے سے گریزاں ہیں کیونکہ وہ بغیر مدد کے چل نہیں سکتے۔ ایڈینہو نے ٹی وی گلوبو کو بتایا کہ اس کے کولہے کی تبدیلی کی گئی تھی لیکن اچھی بحالی نہیں ہوسکی تھی۔ ’وہ کافی نازک ہیں۔ لہذا انہیں نقل و حرکت کا مسئلہ ہے جس نے ایک قسم کی افسردگی پیدا کر دی ہے۔ تصور کیجیے، وہ بادشاہ ہے، وہ ہمیشہ سے ہی ایک حاوی شخصیت تھا لیکن آج وہ ٹھیک سے چل نہیں سکتا۔‘ بیٹے نے مزید کہا، ’وہ باہر جانا، نظر آنا، یا عملی طور پر کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتے جس میں گھر چھوڑنا شامل ہو۔‘