پی وی سندھو کی ہائیلو اوپن میں کامیابی پر کرن رجیجو نے دی مبارک باد

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2026
پی وی سندھو کی ہائیلو اوپن میں کامیابی پر کرن رجیجو نے دی مبارک باد
پی وی سندھو کی ہائیلو اوپن میں کامیابی پر کرن رجیجو نے دی مبارک باد

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے جمعہ کو ہندوستان کی ممتاز بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو سے ملاقات کی اور جرمنی میں ہائیلو اوپن 2026 کا خطاب جیتنے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے سندھو اور وینکٹ دتا سائی کے ساتھ خوشی کے لمحات بھی شیئر کیے اور ان کے آئندہ ٹورنامنٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’پی وی سندھو کو جرمنی میں ہائیلو اوپن 2026 جیتنے پر مبارک باد دی۔ ان سے اور وینکٹ دتا سائی سے ملاقات کرکے اس خاص لمحے میں شریک ہونا خوشی کی بات ہے۔

آئندہ مقابلوں کے لیے میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ پی وی سندھو نے خواتین کے سنگلز فائنل میں ڈنمارک کی لائن کیئرسفیلڈٹ کو مسلسل 2 گیمز میں شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ انہوں نے یہ مقابلہ 21-12 اور 21-14 سے جیتا۔ 2 مرتبہ اولمپک تمغہ جیتنے والی سندھو نے جرمنی میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سیزن کا اپنا دوسرا خطاب حاصل کیا۔ اس سے ایک ہفتہ قبل وہ فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچی تھیں، جہاں انہیں عالمی نمبر ایک جنوبی کوریائی کھلاڑی این سی ینگ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فائنل کے پہلے گیم میں سندھو نے اعتماد کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا، تاہم ڈنمارک کی کھلاڑی نے ابتدائی مرحلے میں سخت مقابلہ کیا۔ انہوں نے کورٹ کے مختلف حصوں میں شاٹس کھیل کر سندھو کو پریشان کیا اور اسکور 5-5 تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ سندھو وقفے کے وقت 11-8 سے آگے تھیں۔ انہوں نے تیز ریٹرن اور جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پہلا گیم 21-12 سے جیت لیا۔

دوسرے گیم میں کیئرسفیلڈٹ نے زیادہ سخت مقابلہ کیا اور ایک موقع پر 7-3 کے خسارے کو کم کرکے اسکور 7-6 کردیا، لیکن سندھو نے حریف کھلاڑی سے غلطیاں کرواتے ہوئے دوبارہ برتری حاصل کرلی۔ وقفے کے وقت سندھو کو 11-7 کی برتری حاصل تھی، جسے انہوں نے بڑھا کر 19-11 کردیا۔ ڈنمارک کی کھلاڑی نے آخر میں واپسی کی کوشش کی، لیکن سندھو نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے دوسرا گیم 21-14 سے جیت لیا۔ اس سے قبل سندھو نے جولائی میں جاپان اوپن کا خطاب بھی جیتا تھا۔ اس طرح ہائیلو اوپن اس سیزن میں بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور پر ان کا دوسرا خطاب ہے۔