جوس بٹلر ٹی20 کرکٹ میں 15000 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2026
جوس بٹلر ٹی20 کرکٹ میں 15000 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے
جوس بٹلر ٹی20 کرکٹ میں 15000 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے

 



کارڈف۔ انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر نے ٹی20 کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 15000 رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔بٹلر نے یہ کارنامہ جمعرات کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میچ کے دوران انجام دیا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

بٹلر نے 528 میچوں میں 35.46 کی اوسط اور 147.46 کے اسٹرائیک ریٹ سے 15000 رنز مکمل کیے ہیں۔ ان کے ریکارڈ میں 9 سنچریاں اور 107 نصف سنچریاں شامل ہیں۔بٹلر نے انگلینڈ کے علاوہ لنکاشائر۔ مانچسٹر اوریجنلز۔ مانچسٹر سپر جائنٹس۔ گجرات ٹائٹنز۔ سمرسیٹ۔ پارل رائلز۔ ممبئی انڈینز۔ سڈنی تھنڈر۔ کومِلا وکٹورینز۔ ڈربن سپر جائنٹس۔ میلبورن رینیگیڈز اور انگلینڈ لائنز کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی20 کرکٹ میں رنز بنائے ہیں۔

بٹلر نے انگلینڈ کی اننگز کے پانچویں اوور میں ایشان ملنگا کی گیند پر ایک رن لے کر 15000 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔اس سے قبل کیرون پولارڈ 754 میچوں میں 31.71 کی اوسط سے 14999 رنز کے ساتھ ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے۔میچ کی بات کریں تو انگلینڈ نے جمعرات کو صوفیہ گارڈنز میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

سری لنکا نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے 12.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔اس کامیابی کے ساتھ ٹی20 انٹرنیشنل میں سری لنکا کے خلاف انگلینڈ کی مسلسل فتوحات کی تعداد 14 ہوگئی۔ 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ڈاسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی20 انٹرنیشنل ہفتہ کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ پہلے ہی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرچکا ہے۔