دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے جے شاہ کو مسلسل دوسری مدت کے لیے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کر لیا ہے۔ ان کی دوبارہ تقرری کی تجویز آئی سی سی کے ڈائریکٹرز نے بالی میں عالمی کرکٹ ادارے کے بورڈ اجلاس کے دوران پیش کی تھی۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق جے شاہ کی دوبارہ تقرری بورڈ کے ان کی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے بین الاقوامی کرکٹ کے ایک اہم دور میں پالیسیوں اور منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ عالمی سطح پر کرکٹ کی توسیع۔ شائقین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور تجارتی ترقی آئی سی سی کے اہم ترجیحی امور میں شامل ہیں۔
کرکٹ 2028 میں لاس اینجلس اولمپکس کے ذریعے اولمپک کھیلوں میں واپسی کی تیاری بھی کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ مقابلوں کے طویل مدتی پروگرام کو وسعت دینے کا منصوبہ ہے تاکہ دنیا بھر میں کرکٹ میں شرکت کو فروغ دیا جا سکے اور کھلاڑیوں کے لیے ترقی کے بہتر مواقع پیدا ہوں۔
بورڈ نے کھیل کی بنیادی ساخت کو مضبوط بنانے۔ خواتین کی کرکٹ کی ترقی میں تیزی لانے۔ ایسوسی ایٹ ممبران کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے۔ بین الاقوامی کرکٹ کی شفافیت اور سالمیت کو برقرار رکھنے اور کھیل کے پائیدار مستقبل کے لیے تجارتی امکانات تلاش کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اپنی دوبارہ تقرری پر کہا کہ وہ بورڈ کے اعتماد اور تمام ڈائریکٹرز کی مسلسل حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے تمام ممبران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔
کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے جے شاہ نے کہا کہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے اور کھلاڑیوں اور مداحوں کی نئی نسل کو متاثر کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ اپنی تاریخ کے اہم ترین اور دلچسپ ادوار میں داخل ہو رہی ہے۔ ہماری ذمہ داری صرف کامیاب مقابلوں کے انعقاد تک محدود نہیں ہے بلکہ ہمیں شائقین۔ کھلاڑیوں۔ تجارتی شراکت داروں اور دیگر اہم فریقوں کو سامنے رکھتے ہوئے کھیل کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے۔
جے شاہ کے مطابق کرکٹ کی سب سے بڑی طاقت لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی صلاحیت ہے۔ بورڈ اور تمام ممبران کے تعاون سے ان کی کوشش ہوگی کہ منصوبوں کو عملی شکل دی جائے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک دیرپا ورثہ چھوڑا جائے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے بھی جے شاہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیزی سے تبدیلیوں کے اس دور میں ان کی قیادت کا تسلسل انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کے شیڈول کو مضبوط بنانے۔ دو طرفہ کرکٹ کی اہمیت اور مسابقت کو برقرار رکھنے اور بڑے عالمی مقابلوں کو کھیل کے مستقبل کا مرکزی حصہ بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق کرکٹ کی روایات کو جدت۔ نئے شائقین اور بدلتے ہوئے تجارتی حالات سے ہم آہنگ کرنا آنے والے برسوں کا ایک اہم چیلنج ہوگا۔
آئی سی سی کی آزاد ڈائریکٹر ڈاکٹر روز ریواز نے بھی جے شاہ کی دوبارہ تقرری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے خواتین کی کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے اور کھیل کے مختلف شعبوں میں خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی کرکٹ دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے تاہم ان خواتین کی مدد کرنا بھی ضروری ہے جن کے کھیلنے کے مواقع کسی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے جے شاہ کی قیادت میں خواتین کرکٹرز کی حمایت کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عزم کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
آئی سی سی کے نائب چیئرمین اور زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تاوینگوا موکولانی نے کہا کہ جے شاہ کی قیادت نے کرکٹ کے مستقبل کے لیے تمام ممبران کو ایک مشترکہ وژن کے تحت متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے 2027 میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کو بھی اہم قرار دیا۔ ان کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے ذریعے افریقی براعظم میں کرکٹ کو نئے شائقین تک پہنچانے اور خطے میں اس کھیل کی ترقی کو نئی رفتار دینے کا موقع ملے گا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر راجر ٹوئس نے بھی جے شاہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل کے لیے آئی سی سی کے تمام ممبران کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مختلف فارمیٹس اور خطوں میں فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبر چیئرمین گرو مورتی پالانی نے جے شاہ کی دوبارہ تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو حقیقی معنوں میں عالمی کھیل بنانے کے لیے تمام ممبران کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایٹ ممبران کو اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی مقابلوں تک رسائی۔ بہتر تربیتی اور ترقیاتی نظام اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ کرکٹ کا مضبوط اور پائیدار ڈھانچہ قائم کر سکیں۔ ان کے مطابق جے شاہ کی قیادت میں کرکٹ کی عالمی توسیع کو تمام ممبران کے لیے حقیقی مواقع میں تبدیل کرنا اہم ترجیح ہونی چاہیے۔