آئی پی ایل 2027: کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 نومبر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-11-2026
آئی پی ایل 2027: کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 نومبر
آئی پی ایل 2027: کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 نومبر

 



نئی دہلی: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کے منی آکشن سے قبل تمام 10 فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی برقرار رکھنے اور ریلیز کرنے کی فہرست جمع کرانے کے لیے مزید 2 دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔ اب یہ فہرست 17 نومبر تک جمع کرائی جا سکے گی۔ اس سے پہلے آخری تاریخ 15 نومبر مقرر کی گئی تھی۔ منی آکشن 16 دسمبر کو گوا میں منعقد ہوگا۔

کرک انفو کے مطابق ابتدائی تاریخ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے دن پڑ رہی تھی۔ اسی وجہ سے ڈیڈ لائن میں توسیع کی گئی ہے۔

فرنچائزز کی جانب سے کھلاڑیوں کی برقرار رکھنے اور ریلیز کرنے کی فہرست جمع کرائے جانے کے بعد آئی پی ایل رجسٹرڈ کھلاڑیوں کا پورا پول ٹیموں کے ساتھ شیئر کرے گا۔ اس کے بعد فرنچائزز اپنی پسند کے کھلاڑیوں کی شارٹ لسٹ تیار کریں گی۔ نیلامی سے پہلے والے ہفتے میں حتمی فہرست اور کھلاڑیوں کی نیلامی کے سیٹوں کی ترتیب جاری کی جائے گی۔

نیلامی سے قبل اب تک کھلاڑیوں کی 2 ٹریڈ ڈیل ہو چکی ہیں۔ایک اہم فیصلے کے تحت دہلی کیپٹلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس سے اپنے سابق کپتان رشبھ پنت کو واپس ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ اس کے بدلے بائیں ہاتھ کے کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو لکھنؤ سپر جائنٹس میں چلے گئے ہیں۔ایک دوسری ٹریڈ ڈیل میں دہلی کیپٹلز نے فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کو سن رائزرز حیدرآباد کے حوالے کیا ہے جبکہ اس کے بدلے لیگ اسپنر ذیشان انصاری کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

دریں اثنا آئی پی ایل 2027 کے مکمل سیزن کی تاریخوں کا ابھی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم آئی پی ایل نے 2024 میں 2025 اور 2026 کے ساتھ 2027 کے سیزن کے لیے بھی مجوزہ شیڈول ونڈو کا اعلان کیا تھا۔ اس کے مطابق 2027 کا سیزن 14 مارچ سے 30 مئی تک منعقد ہونا تھا۔

اس سال ستمبر میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد بورڈ کے سکریٹری دیواجیت سائکیا نے اشارہ دیا تھا کہ ٹورنامنٹ مارچ کے آخری ہفتے کے آس پاس شروع ہو سکتا ہے۔آئندہ منی آکشن موجودہ آئی پی ایل سائیکل کا آخری منی آکشن ہوگا۔ 2028 کے سیزن سے قبل میگا آکشن منعقد کیا جائے گا۔اگلا میگا آکشن آئی پی ایل کے نئے میڈیا رائٹس سائیکل کے آغاز کی بھی علامت ہوگا۔ تاہم بی سی سی آئی نے ابھی تک آئندہ میڈیا رائٹس سائیکل کے لیے ٹینڈر جاری نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2022 میں آئی پی ایل کے میڈیا رائٹس 48,390.5 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے تھے۔ اس وقت یہ رقم تقریباً 6.2 ارب امریکی ڈالر کے برابر تھی۔ اس معاہدے نے آئی پی ایل کو دنیا کی سب سے قیمتی کھیلوں کی لیگوں میں شامل کر دیا تھا۔