انضمام کے لیے دعا ہے : سچن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-09-2021
پرانے دوست
پرانے دوست

 

 

 ممبئی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر سامنے آنے کے بعد ملک اور بیرون ملک کے کرکٹ حلقوں کی جانب سے ان کی صحتیابی کی دعائیں اور جلد بحالی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر کو پیر کی رات دل کے دورے کی وجہ سے لاہور کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

انضمام الحق کے مینیجر نے مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ پاکستان کے سابق کپتان کی لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں انجیوپلاسٹی کی گئی ہے اور اب ان کی صحت بہتر ہے تاہم ان کو ڈاکٹرز نے زیر نگرانی رکھا ہوا ہے۔ 

ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کے ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انضمام الحق کی جلد اور مکمل صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

سابق انڈین کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے انضمام الحق کی جلد صحتیابی کی دعا کی تو توقع ظاہر کی کہ وہ اس صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر سامنے آئیں گی۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے سابق پاکستانی کپتان کو ’پرسکون مقابل اور فیلڈ میں فائٹر‘ بھی قرار دیا۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ فخر پاکستان اور لیجنڈ انضمام الحق کی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔

کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے بھی انضمام کی صحت کو لے کر فکرمند نظر آئے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کا مزیید کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ’وہ برسہا برس تک ہمارے کھیل کا حصہ رہیں۔

پاکستان کی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان بھی سابق کپتان کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے نظر آئے اور لکھا کہ ’اللہ انہیں جلد صحت عطا فرمائے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ فینز سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔