ہوم سیزن: کولکتہ اور دہلی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میں تبدیلی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2025
 ہوم سیزن: کولکتہ اور  دہلی میں ویسٹ انڈیز  کے خلاف ٹیسٹ میں تبدیلی
ہوم سیزن: کولکتہ اور دہلی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میں تبدیلی

 



نئی دہلی (پی ٹی آئی) بی سی سی آئی نے پیر کے روز اعلان کیا کہ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اور دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم کے درمیان ہندوستان کے آئندہ ہوم سیزن میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف مختص ٹیسٹ میچز کی میزبانی کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔پہلے شیڈول کے مطابق دہلی میں 14 سے 18 نومبر تک جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ ہونا تھا، لیکن اب وہاں 10 اکتوبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

اگرچہ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں اس تبادلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی، لیکن سمجھا جاتا ہے کہ دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن میں نومبر کے وسط میں فضائی آلودگی کی بلند سطح صحت کے لیے خطرناک بن جاتی ہے، جیسا کہ چند سال قبل سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران دیکھنے میں آیا تھا، جب مہمان کھلاڑیوں نے ماسک پہنے اور بعض کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ بی سی سی آئی کے کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ کئی سال کے دوران ایئر کوالٹی انڈیکس(AQI) کا ڈیٹا جمع کیا اور اس بنیاد پر مقامات کے تبادلے کو بہتر حل قرار دیا۔ہندوستان کا ہوم سیزن ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز سے شروع ہوگا، پہلا ٹیسٹ 2 اکتوبر سے احمد آباد میں اور دوسرا 10 اکتوبر سے دہلی میں کھیلا جائے گا۔اس کے بعد ہندوستان جنوبی افریقہ کے خلاف مکمل سیریز کھیلے گا جس میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز شامل ہوں گے جو ملک کے مختلف مقامات پر ہوں گے۔

کولکتہ اب جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا، جب کہ گوہاٹی کے بارساپارا اسٹیڈیم کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا، جہاں دوسرا ٹیسٹ 22 سے 26 نومبر تک کھیلا جائے گا۔تین ون ڈے میچز رانچی (30 نومبر)، رائے پور (3 دسمبر) اور وشاکھاپٹنم (6 دسمبر) میں ہوں گے۔ پانچ ٹی 20 میچز کٹک (9 دسمبر)، نیو چندی گڑھ (11 دسمبر)، دھرم شالہ (14 دسمبر)، لکھنؤ (17 دسمبر) اور احمد آباد (19 دسمبر) میں کھیلے جائیں گے۔

ادھر، تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن(TNCA) نے آسٹریلیا کے خلاف خواتین کی ون ڈے سیریز کی میزبانی سے معذرت کر لی ہے، جو کہ 14 ستمبر سے شروع ہونی تھی اور 30 ستمبر سے شروع ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ سے قبل ایک ابتدائی سیریز کے طور پر رکھی گئی تھی۔اب سیریز کے پہلے دو میچز ملان پور (نیو چندی گڑھ) میں جبکہ تیسرا میچ نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

مردوں کی ‘اے’ سیریز بمقابلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ

ہندوستان کے مردوں کی ٹیم کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے بھی خاصا مصروف سیزن متوقع ہے، کیونکہ بی سی سی آئی نے آسٹریلیا ‘اے’ اور جنوبی افریقہ ‘اے’ ٹیموں کے خلاف چار غیر سرکاری ٹیسٹ اور چھ لسٹ اے میچز کی میزبانی کا اعلان کیا ہے۔دونوں مہمان ٹیمیں ہندوستان میں دو غیر سرکاری ٹیسٹ اور تین لسٹ اے میچز کھیلیں گی۔ آسٹریلیا ‘اے’ کی سیریز لکھنؤ اور کانپور میں ہوگی، جبکہ بنگلورو کےCOE گراؤنڈ میں جنوبی افریقہ ‘اے’ کے غیر سرکاری ٹیسٹ میچز ہوں گے۔ راجکوٹ میں تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔آسٹریلیا ‘اے’ کے ٹیسٹ میچز لکھنؤ میں 16-19 ستمبر اور 23-26 ستمبر تک ہوں گے، جس سے ہندوستان کے ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑی ویسٹ انڈیز سیریز سے قبل تیاری کا موقع حاصل کر سکیں گے