آئی سی سی: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ، ون ڈے کرکٹ اور نئے ایف ٹی پی پر غور متوقع

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-11-2026
آئی سی سی: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ، ون ڈے کرکٹ اور نئے ایف ٹی پی پر غور متوقع
آئی سی سی: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ، ون ڈے کرکٹ اور نئے ایف ٹی پی پر غور متوقع

 



نئی دلی  : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کو تمام 12 فل ممبر ممالک تک وسعت دینے کی تجویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم اگلے سائیکل میں موجودہ 9 ٹیموں کا فارمیٹ برقرار رہنے کی توقع ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ امور بالی میں جاری آئی سی سی کے بورڈ اجلاس کے اہم ایجنڈے میں شامل ہیں۔

آئی سی سی کے سہ ماہی اجلاس 2026 کا آغاز بدھ کو ہوا ہے اور یہ اتوار کو اختتام پذیر ہوں گے۔ اجلاس میں بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل کا اسٹریٹجک جائزہ اور 2027 سے 2031 تک کے نئے فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ڈبلیو ٹی سی کو ایک ہی ڈویژن میں تبدیل کرکے تمام 12 فل ممبر ممالک کو شامل کرنے کی تجویز کو تقویت ملی تھی۔ تاہم اب اس منصوبے پر غیر یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ امکان ہے کہ اگلے سائیکل میں بھی 9 ٹیموں کا موجودہ فارمیٹ برقرار رہے گا اور زمبابوے آئرلینڈ اور افغانستان اس چیمپئن شپ سے باہر رہیں گے۔

زمبابوے کی شمولیت کا امکان اب بھی موجود ہے جس سے ٹیموں کی تعداد 10 ہو سکتی ہے۔ تاہم آئرلینڈ کی شرکت اس کی مالی صورتحال اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی ترجیحات کے باعث غیر یقینی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) چیمپئن شپ میں توسیع کا حامی نہیں ہے۔ اس کا موقف ہے کہ اضافی میچوں سے سفر کے اخراجات اور مصروفیات بڑھیں گی اور انگلینڈ کے ہوم کرکٹ شیڈول پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم ای سی بی زمبابوے اور آئرلینڈ کے خلاف ڈبلیو ٹی سی سے باہر الگ الگ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ افغانستان کے معاملے میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ سلوک کے باعث انگلینڈ کی جانب سے مخالفت کی جا رہی ہے۔

زمبابوے کے لیے ڈبلیو ٹی سی میں شمولیت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس سے اسے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے مواقع مل سکتے ہیں۔ زمبابوے نے 2025 میں 10 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے لیکن رواں سال اسے صرف 2 ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

اجلاس میں 2027 سے 2031 تک کے نئے ایف ٹی پی کو بھی پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ بیشتر بڑے دو طرفہ مقابلوں کے معاہدے طے پا چکے ہیں جبکہ رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان حتمی بات چیت بالی میں ہوگی۔

کرک انفو کے مطابق انگلینڈ 2028 میں زمبابوے کا دورہ کرے گا جس میں کم از کم ایک ٹیسٹ میچ بھی شامل ہو سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان زمبابوے میں آخری دو طرفہ سیریز 2004 میں کھیلی گئی تھی۔ جنوبی افریقہ 2027 میں زمبابوے کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گا جبکہ آسٹریلیا کے بھی اگلے سائیکل میں زمبابوے کے دورے کی توقع ہے۔ تاہم اس دورے میں ٹیسٹ میچوں کی شمولیت ابھی واضح نہیں ہے۔

ویسٹ انڈیز آئندہ سائیکل میں بھی مختصر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھ سکتا ہے۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز امریکہ اور کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے واشنگٹن ڈی سی اور ٹورنٹو میں وائٹ بال سیریز کے انعقاد کے امکانات بھی تلاش کر رہا ہے۔

اس سلسلے میں کرکٹ ویسٹ انڈیز کے کرکٹ کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات ہیں۔ وہ میجر لیگ کرکٹ کی فرنچائز واشنگٹن فریڈم کے ساتھ بھی شراکت داری مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی سے تقریباً 45 میل شمال میں واقع فریڈرک میں یہ فرنچائز 10 ہزار نشستوں پر مشتمل کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر شروع کر چکی ہے۔

اجلاس کے اہم موضوعات میں عالمی انتظامی مشاورتی ادارے میک کنزی کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کا اسٹریٹجک جائزہ بھی شامل ہے۔ اس جائزے میں ٹیسٹ ون ڈے اور ٹی 20 سمیت کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کا مستقبل زیر بحث آیا ہے جسے آئی سی سی بورڈ کے سامنے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا مستقبل بھی اجلاس میں خصوصی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ کے درمیان ون ڈے فارمیٹ کی اہمیت اور اس کی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ امکان ہے کہ اگلے ایف ٹی پی میں ون ڈے میچوں کی تعداد کم رکھی جائے اور زیادہ تر مقابلے 2031 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے آس پاس منعقد ہوں۔

اسٹریٹجک جائزے میں آئی سی سی کی نشریاتی حقوق سے حاصل ہونے والی آمدنی پر انحصار کم کرنے کے لیے آمدنی کے نئے ذرائع تلاش کرنے کی تجویز بھی زیر غور آ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ آمدنی کی تقسیم کے موجودہ ماڈل اور اگلے سائیکل میں رکن کرکٹ بورڈز کے حصے میں ممکنہ کمی پر بھی توجہ دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق بعض ایسوسی ایٹ ممالک کو خدشہ ہے کہ مردوں کے ون ڈے انٹرنیشنل کا درجہ رکھنے والی ٹیموں کی تعداد کم کی جا سکتی ہے۔ فی الحال 8 ایسوسی ایٹ ممالک سمیت 20 ٹیموں کو ون ڈے کا درجہ حاصل ہے۔ تاہم ون ڈے ورلڈ کپ آئی سی سی کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے اس لیے ٹیموں کی تعداد میں کمی کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔ مردوں کی ون ڈے ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 32 کرنے کی تجویز بھی زیر بحث رہی ہے تاہم اس پر عمل درآمد کے امکانات بھی کم ہیں۔