جامعہ ملیہ اسلامیہ :فیکلٹی آف لا نے قومی موٹ کورٹ مقابلہ 2026 جیت لیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ :فیکلٹی آف لا نے قومی موٹ کورٹ مقابلہ 2026 جیت لیا
جامعہ ملیہ اسلامیہ :فیکلٹی آف لا نے قومی موٹ کورٹ مقابلہ 2026 جیت لیا

 



نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فیکلٹی آف لا کے طلبہ نے الیونتھ جسٹس مرتضیٰ حسین میموریل موٹ کورٹ مقابلہ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔ یہ مقابلہ لکھنؤ کے یونٹی پی جی کالج کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔جامعہ کی کامیاب ٹیم میں بی اے ایل ایل بی آنرز کے تیسرے سمسٹر کے طلبہ محمد انس اور اریدہ حسن نے بطور اسپیکر حصہ لیا جبکہ ریحان بیگ نے ریسرچر کی ذمہ داری نبھائی۔

ملک کے معروف قانون کے اداروں اور یونیورسٹیوں کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے میں جامعہ کے طلبہ نے قانونی دفعات کی تشریح۔ مضبوط قانونی دلائل کی تیاری اور عدالت میں مؤثر انداز میں اپنی بات پیش کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ابتدائی اور اعلیٰ مراحل سے گزرنے کے بعد ٹیم نے فائنل میں سمبائیوسس لا اسکول پونے کی ٹیم کو شکست دے کر خطاب حاصل کیا۔ اس کامیابی پر جامعہ کی ٹیم کو فاتح ٹرافی کے ساتھ 20,000 روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔

فیکلٹی آف لا کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام یزدانی نے طلبہ کی محنت اور شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ادارے میں فراہم کی جانے والی عملی تربیت۔ تعلیمی نظم و ضبط اور قانونی وکالت کی مضبوط روایت کا ثبوت ہے۔پروفیسر یزدانی نے جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی قیادت کی مسلسل سرپرستی اور رہنمائی طلبہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔فیکلٹی آف لا نے محمد انس۔ اریدہ حسن اور ریحان بیگ کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن قانونی مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔