نیرُو دھانڈا اور کینن چنائی نے ٹریپ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کا پہلا گولڈ جیت لیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2026
 نیرُو دھانڈا اور کینن چنائی نے ٹریپ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کا پہلا گولڈ جیت لیا
نیرُو دھانڈا اور کینن چنائی نے ٹریپ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کا پہلا گولڈ جیت لیا

 



آئچی ناگویا: ہندوستانی شوٹنگ کی جوڑی نیرُو دھانڈا اور کینن چنائی نے بدھ کو آئچی ناگویا میں جاری ایشین گیمز میں مکسڈ ٹریپ ٹیم شوٹنگ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی۔ اس دوران دونوں نے ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔نیرُو دھانڈا نے اس سے قبل خواتین کے انفرادی ٹریپ ایونٹ میں تاریخی گولڈ میڈل جیتا تھا۔ نیرُو اور کینن نے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں 34 پوائنٹس حاصل کیے اور ایشین گیمز کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ قطر نے اس سال کے آغاز میں 30 پوائنٹس کے ساتھ یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ قطر نے 32 پوائنٹس کے ساتھ سلور جبکہ چین نے 23 پوائنٹس کے ساتھ برونز میڈل جیتا۔

ٹریپ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں یہ ہندوستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔یہ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کا 9واں گولڈ اور بدھ کے دن کا تیسرا گولڈ میڈل ہے۔ اس کے ساتھ ہندوستان کے مجموعی میڈلز کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔ ہندوستان نے اب تک 9 گولڈ۔ 21 سلور اور 26 برونز میڈل جیتے ہیں۔شوٹنگ میں یہ ہندوستان کا 15واں میڈل ہے۔ ہندوستانی شوٹرز نے اب تک 3 گولڈ۔ 8 سلور اور 4 برونز میڈل جیتے ہیں۔

نیرُو دھانڈا نے منگل کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے انفرادی ٹریپ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔بارش کے دوران نیرُو نے اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور 8 شوٹرز پر مشتمل فائنل میں 26 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ESPN کے مطابق چین کی سُن یونونگ اور کویت کی ہاجر عبد المالک نے 21-21 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ قطر کی رے باسل 16 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں۔

نیرُو کے تاریخی گولڈ نے ہندوستانی شوٹنگ میں ایک اہم سنگ میل قائم کیا۔ وہ ٹریپ شوٹنگ میں انفرادی ایشین گیمز گولڈ میڈل جیتنے والی ہندوستان کی پہلی خاتون بنیں۔ انہوں نے کوالیفکیشن میں بھی ایشین ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اپنے ایشین گیمز ڈیبیو میں نیرُو نے 30 میں سے صرف 2 شاٹس مس کیے اور 28 پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کیا۔اس سے قبل منگل کو نیرُو نے آشِما اہلاوت اور منیشا کیر کے ساتھ خواتین کے ٹریپ ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل بھی جیتا تھا۔ ہندوستان نے 328 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ گولڈ میڈل جیتنے والی چین کی ٹیم نے 346 پوائنٹس حاصل کیے۔ کویت نے 325 پوائنٹس کے ساتھ برونز میڈل جیتا۔

ٹیم ایونٹ میں نیرُو ہندوستان کی سب سے نمایاں شوٹر رہیں اور انہوں نے 125 میں سے 118 پوائنٹس حاصل کیے۔آج کے دیگر گولڈ میڈلز کی بات کریں تو آرچری میں ہندوستانی خواتین کی کمپاؤنڈ ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا۔ جیوتی وینم۔ چکیتا تنی پارتھی اور پرتھیکا پردیپ پر مشتمل ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں چین کو 238-234 سے شکست دی۔ اس سے قبل تینوں نے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو 234-233 سے شکست دی تھی۔

چکیتا تنی پارتھی اور ساحل جادھو نے بھی کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم فائنل میں جگہ بنالی۔ ہندوستانی جوڑی نے سنسنی خیز سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کو 156-155 سے شکست دی۔ ٹائٹل جیتنے کے ساتھ چکیتا اور ساحل نے لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے لیے بھی کوالیفکیشن حاصل کرلیا۔ہندوستان کی کامن ویلتھ گیمز 2026 کی گولڈ میڈلسٹ باکسر پریا گھنگھاس کو باکسنگ میں برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ خواتین کے 60 کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں انہیں چین کی یانگ چینگیو کے ہاتھوں شکست ہوئی۔