ڈھاکہ ٹیسٹ: سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیت لی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-05-2022
ڈھاکہ ٹیسٹ: سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیت لی
ڈھاکہ ٹیسٹ: سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیت لی

 

 

 

ڈھاکہ:: سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی۔

ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں جمعے کو میزبان ملک کی ٹیم نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں پر 165 رنز بنائے تھے لیکن اس کے بعد پوری ٹیم 169 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا نے 29 رنز کا مطلوبہ ہدف محض تین اوورز میں پورا کر لیا جس میں اوشیڈا فرنینڈو کے صرف نو بالوں میں 21 رنز بھی شامل تھے۔ کپتان دموتھ کارونارتنے سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے فاسٹ بالر استھا فرنینڈو اس میچ کے کامیاب ترین گیند باز رہے جنہوں نے پہلی اننگز میں 93 رنز کے عوض چار اور دوسری اننگز میں 51 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے دس وکٹیں اپنے نام کیں۔ شکیب الحسن کے 58 رنز اور لٹن داس کے 52 رنز کی بدولت بنگلہ دیش اننگز کی شکست کی ہزیمت سے بچ گیا۔

ڈھاکہ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن جب بنگلہ دیش نے دوسری اننگز 34 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو مشفق الرحیم 23 رنز بنا کر کاسن راجتھا کے ہاتھ آؤٹ ہو گئے۔ پہلی اننگز میں 96 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے آل راؤنڈر شکیب نے بیٹنگ میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور کریز پر جمے رہے۔