کامن ویلتھ گیمز: ہندوستان نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سےہرایا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 31-07-2022
کامن ویلتھ گیمز: ہندوستان نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سےہرایا
کامن ویلتھ گیمز: ہندوستان نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سےہرایا

 

 

برمنگھم:ہندوستان اور پاکستان  کی خواتین ٹیموں کے درمیان کامن ویلتھ گمیز کے میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

اتوار کو برمنگھم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 18 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بنائے جس کے جواب میں ٹیم انڈیا نے سمتری مندھانا کی لاجواب اننگز کی بدولت ہدف 12ویں اوور میں مکمل کر لیا۔

ٹیم انڈیا کی جانب سے سمتری مندھانا 63 سکور بنا کر نمایاں رہیں جبکہ پاکستانی بولرز طوبیٰ حسن اور عمائمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستانی اننگز میں اوپنر منیبہ علی 32 جبکہ عالیہ ریاض 18 رنز بنا کر نمایاں رہی تھیں جبکہ اننگز کی خاص بات تین پاکستانی پلئیرز کا رن آوٹ ہونا تھا۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے سنیہہ رانا اور رادھا یادو نے 2،2 جبکہ رینوکا سنگھ، میگھنا سنگھ اور شیفالی ورما نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہند پاک کے درمیان کامن ویلتھ گیمز کا یہ میچ بارش کے باعث 18 اوررز تک محدود کردیا گیا تھا۔ اس سے قبل کامن ویلتھ گیمز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم بارباڈوس کی ٹیم سے ہار گئی جبکہ آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دی تھی۔

ہند پاک کے درمیان کرکٹ میچ ہمیشہ سے ہی جنگ کی مانند رہا ہے لیکن خواتین ٹیم کے ساتھ یہ معاملہ نہیں ہے۔ رواں برس خواتین کے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور ٹیم انڈیا کی کھلاڑیوں کے درمیان خوب دوستی اور پیار دیکھنے میں آیا تھا جب پاکستانی کپتان بسمہ معروف کی بیٹی فاطمہ کے ساتھ انڈین کرکٹرز نے خوب لاڈ اور پیار کیا تھا۔

خیال رہے برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے کرکٹ مقابلے بھی شامل کیے گئے ہیں جس کے بعد کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہندوستان،پاکستان، آسٹریلیا، بارباڈوس، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی خواتین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔