راولپنڈی: پاکستانی کرکٹ کا زوال جاری ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر رسوائی کا سامنا کیا بنگلہ دیش کے ہاتھوں ذلیل شکست کے بعد پاکستانی ٹیم
دکھانے کے قابل نہیں ہے کیونکہ ٹیسٹ سیریز میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف کلین سویپ کر دیا یعنی دونوں ٹیسٹ جیت کر سیریز پر قبضہ کر لیا
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔ بنگلہ دیشی ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ یہ پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ میں لگاتار پانچویں شکست ہے۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 185 رنز کے ہدف کو چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں ذاکر حسین 40، نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز میں میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کے خلاف تاریخی شکست کے بعد پاکستانی کپتان شان مسعود نے کہا کہ ’یہ بہت مایوس کن بات ہے، خاص طور پر جب آپ ہوم سیزن کا آغاز کریں، اس چیز کے لیے ہم بہت زیادہ جوش و خروش میں تھے۔ ہم نے اس موقعے کے لیے 10 مہینے تک انتظار کیا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے سبق نہیں سیکھا، ہمیں اس چیز پر کام کرنا ہوگا، اس سیریز میں ہمیں دو مواقعے ایسے ملے جب ہم ان کی پوری ٹیم آؤٹ کر سکتے تھے، خاص طور پر اس میچ میں جب وہ 26 پر 6 آؤٹ تھے، ہم نے انہیں میچ میں واپس آنے دیا۔ یہ ایسی چیز ہے جو میری کپتانی میں ہوتی چلی آ رہی ہے۔‘ دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسین شانتو کہتے ہیں کہ ’ہم کتنے خوش ہیں، اس بات کا اظہار ہم الفاظ میں نہیں کر سکتے۔ یہاں آنے سے پہلے ہی ہم جیت کا سوچ کر آئے تھے اور جیسے سب نے کھیلا، اس بات کی بہت خوشی ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا بولنگ یونٹ بہت زبردست ہے۔ سب سے ضروری بات اُن کی بولنگ کا طریقہ ہے۔ وہ جیتنا چاہتے تھے۔ یہ ہماری ٹیم کے لیے بہت ضروری ہے۔ امید ہے کہ بولرز ایسی کارکردگی کو جاری رکھیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس سیریز میں سب نے کارکردگی دکھائی۔ مجھے امید ہے کہ انڈیا کے خلاف بھی سب ایسی ہی کارکردگی دکھائیں گے۔‘ بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ تھی۔