ایشین پیرا گیمز: پیرالمپک میڈلسٹ کپل پرمار نے جوڈو میں برونز میڈل جیتا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-10-2026
ایشین پیرا گیمز: پیرالمپک میڈلسٹ کپل پرمار نے جوڈو میں برونز میڈل جیتا
ایشین پیرا گیمز: پیرالمپک میڈلسٹ کپل پرمار نے جوڈو میں برونز میڈل جیتا

 



جاپان کے کھلاڑی کو 69 سیکنڈ میں ایپون سے شکست دی۔ ایشین پیرا گیمز میں ہندوستان کا تیسرا میڈل اور پیرا جوڈو میں پہلا میڈل۔

آئچی ناگویا۔ ہندوستان کے پیرا جوڈو کھلاڑی کپل پرمار نے پیر کو 2026 ایشین پیرا گیمز میں مردوں کے جے 1 مائنس 70 کلوگرام زمرے میں برونز میڈل جیت لیا۔ انہوں نے برونز میڈل کے مقابلے میں انڈونیشیا کے شدقی رافلی احناف کو محض 69 سیکنڈ میں ایپون کے ذریعے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ جاری ایشین پیرا گیمز میں ہندوستان کے میڈلز کی تعداد 3 ہوگئی ہے جبکہ پیرا جوڈو میں یہ ملک کا پہلا میڈل ہے۔پیرس 2024 پیرالمپک کھیلوں میں برونز میڈل جیتنے والے کپل پرمار کا ایشین پیرا گیمز میں یہ دوسرا میڈل ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2023 میں ہانگژو میں منعقدہ ایشین پیرا گیمز میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔

مقابلے کے کوارٹر فائنل میں کپل پرمار نے منگولیا کے باتارسورین بات ارڈینے کو گولڈن اسکور کے دوران 4 منٹ 53 سیکنڈ میں ایپون کے ذریعے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔میڈل جیتنے کے بعد کپل پرمار نے اپنی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا کہ وہ گولڈ میڈل جیتنے کے ارادے سے مقابلے میں اترے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میڈل جیتنے کے لیے انہوں نے سخت محنت کی اور ان کے کوچ نے بھی ان کی تیاری میں بھرپور تعاون کیا۔ ان کے مطابق اس بار قسمت نے ساتھ نہیں دیا اور انہیں برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔

کپل پرمار نے ہندوستانی عوام کے ساتھ ساتھ ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم (ٹاپس)۔ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) اور اولمپک گولڈ کویسٹ (او جی کیو) کا بھی شکریہ ادا کیا۔ان کے کوچ منور انظر نے کہا کہ کپل کے لیے یہ میڈل خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہیں ذاتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کی والدہ کی طبیعت خراب رہنے کے باعث وہ ذہنی طور پر بھی متاثر ہوئے تھے۔ کوچ کے مطابق انہوں نے کپل کو مشورہ دیا تھا کہ وہ یہ میڈل اپنی والدہ کے نام کریں اور انہوں نے ایسا کرکے دکھایا۔

منور انظر نے کہا کہ برونز میڈل جیتنا کپل کے لیے اہم کامیابی ہے اور اب وہ آئندہ پیرالمپک کھیلوں کی تیاری کے لیے مزید سخت محنت کریں گے۔کپل پرمار نے پیرس 2024 پیرالمپک کھیلوں میں ہندوستان کے پہلے جوڈو کھلاڑی کے طور پر پیرالمپک میڈل جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ انہوں نے مردوں کے جے 1 مائنس 60 کلوگرام زمرے میں برونز میڈل حاصل کیا تھا۔ان کی زندگی مشکلات سے مقابلے کی ایک مثال ہے۔ ایک حادثے میں بجلی کا تار پانی سے بھرے کھیت میں گرنے کے بعد کرنٹ لگنے سے ان کی بینائی چلی گئی تھی۔ اس کے باوجود انہوں نے کھیل کا سفر جاری رکھا اور لکھنؤ میں واقع انڈین پیرا جوڈو اکیڈمی میں تربیت حاصل کی۔کپل پرمار نے بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے 2023 میں اسکندریہ اور 2024 میں انطالیہ اور تبلیسی میں منعقدہ آئی بی ایس اے جوڈو گراں پری مقابلوں سمیت کئی بین الاقوامی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتے ہیں۔