آئچی ناگویا: ہندوستان کی کامن ویلتھ گیمز 2026 کی گولڈ میڈلسٹ باکسر پریا گھنگھاس کو جاری ایشین گیمز میں بدھ کو برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ خواتین کے 60 کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں انہیں چین کی یانگ چینگیو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یہ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کا 55واں میڈل ہے۔ ہندوستان نے اب تک 8 گولڈ۔ 21 سلور اور 26 برونز میڈل جیتے ہیں۔
پہلے راؤنڈ کے آغاز میں یانگ زیادہ جارحانہ نظر آئیں جبکہ پریا نے جوابی حملے کرتے ہوئے کئی پنچ لگائے۔ راؤنڈ کے نصف حصے کے بعد پریا زیادہ مؤثر دکھائی دیں اور کومبینیشن پنچز کے ذریعے حریف کو نقصان پہنچایا۔ تاہم یانگ نے پہلے راؤنڈ کے اختتام پر ایک مضبوط پنچ لگایا۔ ESPN کے مطابق ججوں نے 3-2 سے یانگ کے حق میں فیصلہ دیا۔
دوسرے راؤنڈ میں چینی باکسر نے پنچز کی بوچھار کے ساتھ شروعات کی جس کے بعد پریا اور یانگ کے درمیان زوردار حملوں کا تبادلہ ہوا۔ یانگ نے یہ راؤنڈ 4-1 سے اپنے نام کیا۔آخری راؤنڈ میں پریا کو اپنے پنچز لگانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ یانگ نے مضبوط دفاع برقرار رکھا۔ چینی باکسر نے آخری راؤنڈ بھی 4-1 سے جیت لیا اور پریا کو برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
دن کے آغاز میں ہندوستانی تیراندازوں کی تین رکنی ٹیم جیوتی سریکھا وینم۔ چکیتا تنی پارتھی اور پرتھیکا پردیپ نے خواتین کے کمپاؤنڈ آرچری ٹیم ایونٹ کے فائنل میں چین کو شکست دے کر ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ہندوستانی تیراندازوں نے چین کے خلاف ٹائٹل مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 238-234 سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان نے پہلے ہی روٹیشن سے برتری برقرار رکھی۔ اس گولڈ کے ساتھ جیوتی سریکھا وینم نے اپنا چوتھا ایشین گیمز گولڈ میڈل جیتا جبکہ چکیتا اور پرتھیکا نے ایشین گیمز میں اپنا پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔
اسی روز چکیتا تنی پارتھی اور ساحل جادھو نے کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھی گولڈ میڈل جیت لیا۔ ہندوستانی جوڑی نے سنسنی خیز شوٹ آف میں جنوبی کوریا کو شکست دی۔اس گولڈ میڈل کے ساتھ ہندوستان نے لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم ایونٹ کے لیے کوالیفکیشن کوٹا بھی حاصل کر لیا۔
ہندوستانی جوڑی نے سنسنی خیز فائنل میں دباؤ کے باوجود اپنا حوصلہ برقرار رکھا۔ مقررہ مقابلہ برابر رہنے کے بعد شوٹ آف ہوا اور فیصلہ کن مرحلے میں ہندوستانی جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔