ایشین گیمز 2026۔ مردوں کے کرکٹ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-09-2026
ایشین گیمز 2026۔ مردوں کے کرکٹ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے
ایشین گیمز 2026۔ مردوں کے کرکٹ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے

 



آئچی ناگویا ۔ ایشین گیمز 2026 کے مردوں کے کرکٹ مقابلے کے سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ سری لنکا اور نیپال کے درمیان کوارٹر فائنل منگل کو جاپان کے شہر نِشِن میں ایک بھی گیند پھینکے بغیر بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا۔

مقابلہ ٹاس سے پہلے ہی ختم کردیا گیا کیونکہ مسلسل بارش کے باعث کھیل شروع نہیں ہوسکا۔ مقررہ وقت صبح 9 بجے سے کئی گھنٹے پہلے ہی بارش شروع ہوگئی تھی اور اس کے رکنے کے کوئی آثار نہیں تھے۔ آئی سی سی ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر بہتر سیڈنگ کی وجہ سے سری لنکا کو سیمی فائنل میں جگہ مل گئی۔ سری لنکا۔ ہندوستان۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ میں 4 سیڈڈ ٹیموں کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔

شریاس ایئر کی قیادت میں ہندوستان نے بھی افغانستان کے خلاف کوارٹر فائنل بارش کی نذر ہونے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی۔ بہتر سیڈنگ کی وجہ سے ہندوستان کو اگلے مرحلے میں پہنچایا گیا۔ پاکستان نے بھی ہانگ کانگ کے خلاف کوارٹر فائنل بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

سری لنکا کو 2022 کے ایشین گیمز میں کوارٹر فائنل مرحلے میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اس کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔

دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔ بنگلہ دیش اور ملائیشیا کے درمیان کوارٹر فائنل بھی منگل کو بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔ دونوں سیمی فائنل 1 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ اس کے بعد ہندوستان اور سری لنکا کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

ہندوستان کی نظریں مردوں کے کرکٹ مقابلے میں اپنا گولڈ میڈل برقرار رکھنے پر ہیں۔ ہندوستان نے 2023 کے ہانگژو ایشین گیمز میں مردوں کے کرکٹ مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ افغانستان کے خلاف فائنل بارش کی نذر ہونے کے بعد بہتر رینکنگ کی بنیاد پر ہندوستان کو گولڈ میڈل دیا گیا تھا۔

خواتین کی ہندوستانی کرکٹ ٹیم پہلے ہی آئچی ناگویا ایشین گیمز میں اپنا خطاب کامیابی سے برقرار رکھ چکی ہے۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستان نے فائنل میں سری لنکا کو 147 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔