آئچی ناگویا۔ ہندوستان نے ایشین گیمز 2026 میں مردوں کے کبڈی مقابلے میں شاندار آغاز کرتے ہوئے پیر کو اپنے افتتاحی میچ میں جاپان کو 49-24 سے شکست دے دی۔جاپان نے بونس پوائنٹ کے ساتھ اسکور کا آغاز کیا لیکن ہندوستان نے فوری جواب دیا۔ ایان لوچھب نے ٹچ پوائنٹ حاصل کرکے اسکور برابر کردیا۔ اس کے بعد ہندوستان نے مقابلے پر مکمل گرفت قائم کرلی۔
آشو نے شاندار 3 پوائنٹ ریڈ کرتے ہوئے ہندوستان کو برتری دلائی۔ اس کے بعد ہندوستانی دفاع نے جاپان کے ریڈر کو کامیابی سے ٹیکل کیا اور ایک اور ریڈ پوائنٹ حاصل کیا۔ ہندوستان نے پہلا آل آؤٹ کرتے ہوئے 11-2 کی برتری حاصل کرلی۔ہندوستانی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے دوسرا آل آؤٹ بھی کیا اور اسکور 18-2 کردیا۔ ہاف ٹائم تک ہندوستان 31-9 سے آگے تھا۔ ریڈنگ میں آشو اور دیوانک نے اہم کردار ادا کیا جبکہ دفاع میں سنیل کمار اور راہل نے مضبوط کارکردگی پیش کی۔
دوسرے ہاف میں بھی ہندوستان کا غلبہ برقرار رہا۔ پون سیہراوت۔ ارجن دیشوال اور اسلم انعامدار نے بھی میدان میں اتر کر ٹیم کی حملہ آور قوت میں اضافہ کیا۔جاپان نے دوسرے ہاف میں بہتر مزاحمت کی اور 20 سے زیادہ پوائنٹس حاصل کیے لیکن ہندوستان پورے مقابلے میں مضبوط پوزیشن میں رہا۔ آخرکار ہندوستان نے 49-24 سے جامع کامیابی حاصل کرکے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا مضبوط آغاز کیا۔
دریں اثنا ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان نے شوٹنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس میں مزید تمغے حاصل کیے جبکہ تیراکی میں کھلاڑیوں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ باکسنگ۔ سافٹ ٹینس اور ٹیبل ٹینس میں بھی ہندوستانی کھلاڑیوں نے کامیابیاں حاصل کیں۔شوٹنگ میں ہمانشو نے مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل انفرادی فائنل میں چاندی کا تمغہ جبکہ رودرانکش نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ رودرانکش اور ہمانشو نے بالترتیب تیسری اور ساتویں پوزیشن حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پارتھ مانے 11 ویں نمبر پر رہے۔ ہندوستانی تینوں نے ٹیم مقابلے میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
مکسڈ مارشل آرٹس میں سچیکا تاریال نے خواتین کے روایتی 60 کلوگرام سیمی فائنل میں سنگاپور کی ٹی او ہوئی ہون سے شکست کے بعد کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔باکسنگ میں سمت نے مردوں کے 70 کلوگرام راؤنڈ آف 32 مقابلے میں تھائی لینڈ کے بنجونگ سنسیری کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔سافٹ ٹینس میں آدھیا تیواری اور جے مینا نے مکسڈ ڈبلز گروپ بی کے مقابلوں میں کمبوڈیا اور منگولیا کے کھلاڑیوں کو شکست دی۔ تاہم انہیں جنوبی کوریا کے کم یون ہوا اور جائیکیو پارک کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد راؤنڈ آف 16 میں فلپائن کے کرسٹی سانوسا اور شیروِن نوگیت سے بھی شکست ہوئی۔
تیراکی میں سری ہری نٹراج نے مردوں کے 50 میٹر بیک اسٹروک فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ رشبھ داس کو ریزرو کھلاڑی رکھا گیا ہے۔ منی آکاش اور گیتیش شاہ مردوں کے 50 میٹر فری اسٹائل فائنل میں جگہ نہیں بنا سکے جبکہ دھنوش سریش مردوں کے 100 میٹر بریسٹ اسٹروک فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکے۔ووشو میں نیمن وانگسو خواتین کے چانگ کوان فائنل میں 15 ویں نمبر پر رہیں۔ٹیبل ٹینس میں ہندوستان نے خواتین کے ٹیم گروپ ایف کے مقابلے میں پاکستان کو 3-0 سے شکست دی۔ تاہم سیپاک ٹاکرا میں ہندوستان کو مردوں کے ٹیم ریگو گروپ بی کے مقابلے میں جاپان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔