آئچی ناگویا۔ 22 ستمبر۔ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 147 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہندوستان نے موجودہ ایشین گیمز میں اپنا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ ہندوستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے جس میں 4 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے بھی شامل ہیں۔
فائنل میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 216 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ اس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 15.4 اوورز میں صرف 69 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ہندوستان کی جانب سے اسمرتی مندھانا نے 45 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ رچا گھوش نے صرف 22 گیندوں پر 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ایشین گیمز کی خواتین کرکٹ میں ہندوستان کا 216 رنز کا اسکور اب تک کا سب سے بڑا اسکور بھی بن گیا ہے۔
ہندوستان نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ مندھانا نے پہلے ہی اوور میں 2 چوکے لگائے جبکہ تیسرے اوور میں 2 مسلسل چھکے لگائے۔ شفیالی ورما اور مندھانا نے بھی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے پاور پلے کے 6 اوورز میں ہندوستان کا اسکور 67 رنز تک پہنچا دیا۔دسویں اوور کی دوسری گیند پر مندھانا نے اپنا 37واں ٹی 20 انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کیا۔ اسی دوران وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 11000 رنز مکمل کرنے والی پہلی خاتون کرکٹر بھی بن گئیں۔ تاہم اسی اوور میں شفیالی ورما 29 گیندوں پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔ ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
GOLD FOR BHARAT! 🇮🇳
— SAI Media (@Media_SAI) September 22, 2026
Heartiest congratulations to Team India Women on winning the Gold Medal in Cricket at the #AsianGames2026!
India defeated Sri Lanka by 147 runs in the Gold Medal Match, posting 216/3 before bowling Sri Lanka out for 69 in 15.4 overs.
Led by Captain… pic.twitter.com/qMhHjQifx8
کپتان ہرمن پریت کور نے مندھانا کے ساتھ مل کر اسکور کو 123 رنز تک پہنچایا۔ ہرمن پریت 17 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد رچا گھوش نے مندھانا کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنائے۔17ویں اوور کی پانچویں گیند پر مندھانا 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ لیکن رچا گھوش نے ہندوستانی اننگز کی رفتار کم نہیں ہونے دی۔ انہوں نے آخری اوور میں 17 رنز سمیت شاندار اختتامی اننگز کھیلی اور ہندوستان کو 216 رنز تک پہنچا دیا۔217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی شروعات ہی خراب رہی۔ شفیالی ورما نے امیشا دولانی کو 3 رنز پر رچا گھوش کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد حسینی پریرا بھی شفیالی کا شکار بنیں۔
کپتان چماری اتھاپتھو نے کچھ مزاحمت کی اور 21 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ تاہم دیپتی شرما نے انہیں آؤٹ کرکے ہندوستان کو اہم کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ہندوستانی اسپن گیند بازوں نے سری لنکا کی بیٹنگ کو مکمل طور پر بکھیر دیا۔شرینیکا پاٹل نے ہرشیتھا سماراوکرما کو صفر پر آؤٹ کیا جبکہ شری چرنانی نے ہنسما کرونا رتنے کو آؤٹ کیا۔ دیپتی شرما نے کاویشا دلہاری اور سوگندیکا کماری سمیت 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور پوری ٹیم 15.4 اوورز میں 69 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ہندوستان کی جانب سے دیپتی شرما نے 4 اوورز میں صرف 6 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شری چرنانی نے 4 اوورز میں 13 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شفیالی ورما نے 2 اوورز میں 3 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شرینیکا پاٹل نے 1.4 اوورز میں 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس طرح ہندوستان نے سری لنکا کو 147 رنز سے شکست دے کر ایشین گیمز 2026 میں خواتین کرکٹ کا طلائی تمغہ حاصل کرلیا۔