اوزامز : مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل ماسٹر انوج شریواستری نے ساتویں آسیان پلس انفرادی اوپن شطرنج چیمپئن شپ جیت کر ہندوستان کے 100ویں گرینڈ ماسٹر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ مدھیہ پردیش کے پہلے شطرنج کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جنہوں نے گرینڈ ماسٹر کا خطاب حاصل کیا ہے۔
چیس بیس انڈیا کے مطابق، شریواستری نے ابتدائی راؤنڈ میں شکست کے باوجود شاندار واپسی کی اور آخری آٹھ مقابلوں میں سات پوائنٹس حاصل کرکے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ انہیں براہِ راست گرینڈ ماسٹر کا خطاب بھی مل گیا۔
یہ کامیابی ہندوستانی شطرنج کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ملک کے شطرنج شائقین کو طویل عرصے سے 100ویں گرینڈ ماسٹر کا انتظار تھا، جبکہ مدھیہ پردیش بھی اپنے پہلے گرینڈ ماسٹر کے اعزاز کا منتظر تھا۔
آل انڈیا چیس فیڈریشن (اے آئی سی ایف) کے صدر نتن نارنگ نے انوج شریواستری کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو ہندوستانی شطرنج کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک جلد ہی 200 گرینڈ ماسٹرز کا ہدف بھی حاصل کر لے گا۔
نتن نارنگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’بھارت کے لیے 100ویں گرینڈ ماسٹر! فلپائن کے شہر اوزامز میں منعقدہ ساتویں آسیان پلس انفرادی شطرنج چیمپئن شپ 2026 جیت کر انوج شریواستری ہندوستان کے 100ویں گرینڈ ماسٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے براہِ راست جی ایم کا خطاب حاصل کیا ہے۔ مبارک ہو انوج! یہ ہندوستانی شطرنج کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔ اب ہمارا اگلا ہدف 200 گرینڈ ماسٹرز ہیں۔‘‘