اے ایم یو کے بیگم سلطان جہاں ہال میں جمنازیم کا افتتاح

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
اے ایم یو کے بیگم سلطان جہاں ہال میں جمنازیم کا افتتاح
اے ایم یو کے بیگم سلطان جہاں ہال میں جمنازیم کا افتتاح

 



 علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بیگم سلطان جہاں ہال میں انڈور اور آؤٹ ڈور جمنازیم کا اضافہ کیا گا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے جمنازیم کا افتتاح کیا اور ہال کی طالبات کو اس سہولت سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ جمنازیم سے متعلق کسی بھی دشواری یا مسئلے کو مناسب ذرائع کے ذریعے یونیورسٹی حکام کے علم میں لایا جا سکتا ہے۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے ہال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔

دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما نے جمنازیم کو ہال کی سہولیات میں ایک اہم اضافہ قرار دیا۔ انہوں نے صحت مند زندگی اور مجموعی بہبود کے لیے جسمانی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رہائشی احاطے میں فٹنس کی سہولت طالبات کو نظم و ضبط کے ساتھ فعال اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دے گی۔

پرووسٹ پروفیسر فاطمہ خان نے جمنازیم کے قیام میں تعاون پر اقراء اسپتال، کوژیکوڈ کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر انور پی سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے فراخ دلانہ تعاون کے بغیر یہ سہولت ممکن نہ ہوتی۔ پروفیسر فاطمہ خان نے طالبات کے لیے صحت مند اور مثبت رہائشی ماحول فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

جم کی انچارج مس خضرہ نے وائس چانسلر کو بتایا کہ بڑی تعداد میں طالبات نے پہلے ہی جم اور فٹنس سرگرمیوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبات اس نئی سہولت سے باقاعدگی سے استفادہ کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

افتتاحی تقریب میں جمنازیم کا افتتاح، غبارے چھوڑنے اور وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی جانب سے طالبات کے ہمراہ کیک کاٹنے کی تقریب شامل تھی۔ اس موقع پر یونیورسٹی انجینئر پروفیسر اظہار فاروقی، ہال کی وارڈنز اور بڑی تعداد میں طالبات موجود تھیں۔