احمد آباد 2029 کی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-10-2026
احمد آباد 2029 کی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا
احمد آباد 2029 کی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

 



احمد آباد: ہندستان پہلی مرتبہ عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (آئی ڈبلیو ایف) نے 2029 میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ کے لیے گجرات کے شہر احمد آباد کا انتخاب کیا ہے۔اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے اتوار کو چین کے شہر ننگبو میں منعقدہ اپنی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد گجرات کو میزبانی دینے کی تصدیق کی۔ اجلاس میں روس کے شہر ماسکو کو 2030 کی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی بھی سونپی گئی۔

اس کے علاوہ کوسوو کے شہر پریشتینا میں 2028 کی عالمی نوجوان ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ منعقد ہوگی جبکہ وینزویلا کے دارالحکومت کراکس کو 2028 کی عالمی جونیئر چیمپئن شپ کی میزبانی دی گئی ہے۔گجرات حالیہ برسوں میں بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ مقابلوں کے انعقاد کا اہم مرکز بن کر ابھرا ہے۔ اسی سال گاندھی نگر میں ایشیائی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ منعقد ہوئی تھی۔ احمد آباد میں 2030 کے دولت مشترکہ کھیلوں کا انعقاد بھی طے ہے۔

انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کا آغاز 1891 میں ہوا تھا۔ خواتین کے مقابلے 1987 میں متعارف کرائے گئے جبکہ مردوں اور خواتین کی مشترکہ چیمپئن شپ پہلی مرتبہ 1991 میں منعقد ہوئی۔2025 کی عالمی چیمپئن شپ ناروے کے شہر فورڈے میں منعقد ہوئی تھی۔ آئندہ چیمپئن شپ چین کے شہر ننگبو میں 27 اکتوبر سے 8 نومبر تک منعقد ہوگی۔ 2027 کے مقابلوں کی میزبانی آرمینیا کے دارالحکومت یریوان کو دی گئی ہے جبکہ 2028 کی عالمی چیمپئن شپ وینزویلا کے شہر کراکس میں ہوگی۔

عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں ہندستانی کھلاڑی اب تک مجموعی طور پر 18 تمغے جیت چکے ہیں۔ ان میں 3 طلائی 10 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔کنجرانی دیوی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندستانی کھلاڑی تھیں۔ انہوں نے 1989 میں مانچسٹر میں منعقدہ مقابلوں کے دوران خواتین کے 44 کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اسی مقابلے میں للتہ پولی نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

اس کے بعد کرنا م ملیشوری نے 1994 اور 1995 میں خواتین کے 54 کلوگرام زمرے میں مسلسل دو مرتبہ عالمی خطاب حاصل کرکے ہندستان کا نام روشن کیا۔ حالیہ برسوں میں اولمپک تمغہ یافتہ میرابائی چانو نے بھی 2017 میں خواتین کے 48 کلوگرام زمرے میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔