افغانستان : ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان راشد خان قیادت سے دستبردار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2021
راشد خان
راشد خان

 

 

کابل:افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان راشد خان نے قیادت سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ خیال رہے کہ راشد خان کا یہ اعلان افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔

افغان کرکٹ بورڈ نے راشد خان کو متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے ایونٹ کے لیے کپتان مقرر کیا تھا۔ بورڈ کے فیصلے سے ناخوش راشد خان نے کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ ٹیم ان کی مشاورت کے بغیر منتخب کی گئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے افغانستان کے اسکواڈ کا اعلان مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں راشد خان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان ٹیم سلیکشن کا حصہ بننا میرا حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے اس کے سلسلے میں بورڈ اور سلیکشن کمیٹی نے ان کی مرضی شامل نہیں کی۔ راشد خان نے اعلان کیا کہ وہ افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں۔