منصور الدین فریدی : نئی دہلی
دنیا میں سب سے بڑا مسلم ملک انڈونیشیا اپنی تاریخ اور وراثت کو محفوظ رکھنے پر یقین رکھتا ہے، وہ خواہ اس کی ہندو تاریخ کی یادیں ہوں یا نشانیاں ۔ اس کی ایک اور مثال سامنے آئی ہے جو مشرقی جاوا میں واقع تنغر پہاڑی سلسلے میں ایک زندہ آتش فشاں کی چوٹی پر ہندو دیوتا گنیش کی صدیوں پرانی مورتی ہے۔ آج بھی عقیدت مندوں اور سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مقامی باشندوں کا عقیدہ ہے کہ یہ مورتی انہیں آتش فشاں کے ممکنہ پھٹنے اور اس سے پیدا ہونے والی تباہی سے محفوظ رکھتی ہے۔
اگرچہ انڈونیشیا دنیا کا سب سے بڑا مسلم اکثریتی ملک ہے لیکن اس کی ثقافت، فن تعمیر، روایات اور تہذیبی ورثے میں ہندو مذہب کے اثرات بھی واضح طور پر نظر آتے ہیں۔ یہی تنوع انڈونیشیا کو دنیا کے ان منفرد ممالک میں شامل کرتا ہے جہاں مختلف مذہبی اور ثقافتی روایات ایک دوسرے کے ساتھ موجود ہیں۔ بات اس مورتی کی کریں تو یہ مورتی ماؤنٹ برومو پر تقریباً 7,641 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔
زندہ آتش فشاں کے دہانے کے قریب موجود اس مورتی کے سامنے لوگ پھل، اگربتیاں اور دیگر نذرانے پیش کرتے ہیں۔ بعض اوقات اس کے پس منظر میں آتش فشاں سے نکلتا ہوا دھواں یا تازہ لاوا بھی دکھائی دیتا ہے، لیکن عقیدت مندوں کے لیے یہ مقام آج بھی انتہائی مقدس ہے۔ ماؤنٹ برومو کی چوٹی پر موجود یہ قدیم مورتی مقامی عقیدت، مذہبی روایت اور انڈونیشیا کی تہذیبی تاریخ کا ایک منفرد نشان بنی ہوئی ہے۔ زندہ آتش فشاں کے سائے میں صدیوں سے قائم یہ مورتی اس خطے کے لوگوں کے مذہبی یقین اور قدرتی ماحول کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
.webp)
یاد رہے کہ انڈونیشیا جنوب مشرقی ایشیا کا وہ ملک ہے جہاں دو ہزار سے زائد ثقافتی و نسلی گروہوں کے لوگ آباد ہیں۔ مسلم اکثریتی ملک ہونے کے باوجود یہاں کے باشندوں نے صدیوں سے مختلف مذاہب، تہذیبوں اور ثقافتوں کے ساتھ ہم آہنگی کی جو مثال قائم کی ہے، وہ اپنی نوعیت میں منفرد ہے۔ دنیا کے مختلف مذاہب کو احترام کی نگاہ سے دیکھنے والے انڈونیشیا کی تاریخ اور تہذیب پر ہندو اور بدھ مت روایات کے گہرے اثرات آج بھی نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں
کیا ہےکہانی
ماؤنٹ برومو، تنغر سیمیرو نیشنل پارک میں واقع ہے اور انڈونیشیا کے 100 سے زائد زندہ آتش فشاں میں شامل ہے۔ پہاڑ کا نام ہندو دیوتا برہما کے نام سے نکلا ہے۔ جسے مقامی زبان میں ’برومو‘ کہا جاتا ہے۔اس خطے میں ہندو مذہبی روایات کے اثرات آج بھی نمایاں ہیں۔ یہاں آباد تنغری لوگ ہندو کیلنڈر کے مطابق مختلف مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔ وہ اپنے مقامی دیوتا ایدا سنگ ہینگ ودھی واسو کے ساتھ ساتھ ہندو تثلیث کے دیوتاؤں برہما، وشنو اور شیو کی بھی پوجا کرتے ہیں ۔ ان کی مذہبی روایات میں قدیم مقامی عقائد اور مہایان بدھ مت کے اثرات بھی شامل ہیں۔مقامی روایت کے مطابق گنیش کی یہ مورتی تقریباً 700 سال قبل ماؤنٹ برومو کے کنارے نصب کی گئی تھی۔ تب سے تنغری برادری، جس میں جاوانی ہندو بھی شامل ہیں، آتش فشاں سے حفاظت کی امید میں گنیش کو نذرانے پیش کرتی آ رہی ہے۔
ہندو دیوتا گنیش، جنہیں رکاوٹیں دور کرنے والا دیوتا سمجھا جاتا ہے، صرف ہندوستان تک محدود نہیں رہے۔ ایشیا کے مختلف خطوں میں ان کی عبادت اور ان سے متعلق روایات کی تاریخ تقریباً دو ہزار سال پرانی بتائی جاتی ہے۔قدیم متون میں گنیش کا ذکر تیسری اور چوتھی صدی عیسوی کے دوران ملتا ہے۔ بعد کے ادوار میں ہاتھی کے سر والے اس دیوتا کی شبیہیں اور روایات ایشیا کے مختلف حصوں تک پہنچیں۔ تقریباً 550 سے 600 عیسوی کے درمیان تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں بھی گنیش کے مجسموں کے شواہد ملتے ہیں۔
.webp)
جاوا میں گنیش کا منفرد روپ
انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں وقت کے ساتھ تانترک بدھ مت اور شیو مت کے اثرات آپس میں ملنے لگے، جس کے نتیجے میں مذہبی عقائد کی ایک منفرد شکل سامنے آئی۔ یہاں گنیش کو ایک تانترک دیوتا کے طور پر بھی پیش کیا گیا، جس کا بنیادی کردار رکاوٹیں دور کرنے والے دیوتا کا تھا۔یہی وجہ ہے کہ انڈونیشیا میں گنیش کی مذہبی اور ثقافتی موجودگی آج بھی مختلف شکلوں میں دکھائی دیتی ہے۔ انڈونیشیا کی یہی ثقافتی رنگا رنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام اسے ہندو اور مسلم تہذیبی میل جول کی ایک منفرد مثال بناتی ہے، جہاں مختلف عقائد رکھنے والے لوگ اپنی اپنی مذہبی شناخت برقرار رکھتے ہوئے ایک مشترکہ قومی اور ثقافتی زندگی کا حصہ ہیں
ہندوستان اور انڈونیشیا کا رتشتہ
ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان ثقافتی روابط تقریباً دو ہزار سال پرانے ہیں۔ ان تعلقات کی ابتدائی بنیاد پہلی صدی عیسوی میں پڑی، جب ہندوستانی تاجروں کے ذریعے ہندو مت، بدھ مت اور فنونِ لطیفہ کے مختلف اثرات انڈونیشی جزائر تک پہنچے۔وقت گزرنے کے ساتھ اس ثقافتی تبادلے نے انڈونیشیا کے معاشرے اور تہذیب پر گہری چھاپ چھوڑی۔ اس کے نمایاں شواہد سری وجایا اور ماجاپاہت جیسی ہندو۔بدھ ریاستوں کے عروج کے ساتھ ساتھ پرمبنان مندر اور بوروبودور جیسی عظیم تاریخی یادگاروں کی صورت میں آج بھی موجود ہیں، جنہیں یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات میں شامل کیا ہے۔
ہندوستانی اثرات صرف مذہب اور فن تعمیر تک محدود نہیں رہے بلکہ زبان اور ادب پر بھی ان کی گہری چھاپ پڑی۔ سنسکرت کے متعدد الفاظ نے انڈونیشی زبان کو متاثر کیا، جبکہ رامائن اور مہاہندوستان انڈونیشی ثقافت، ادب اور فنون کا اہم حصہ بن گئے۔ ان ہندوستانی روایات کے اثرات جدید انڈونیشی ناموں میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں
بعد کے ادوار میں انڈونیشیا کے بیشتر علاقوں میں اسلام کے فروغ کے باوجود ہندوستانی ثقافتی اثرات ختم نہیں ہوئے۔ آج بھی ہندو روایات سے متاثرہ فنون اور پرفارمنس کا انعقاد جاری ہے، جبکہ گجرات اور انڈونیشیا کے درمیان ٹیکسٹائل کی روایات میں بھی صدیوں پرانے باہمی ثقافتی اثرات نمایاں ہیں۔ہندوستان اور انڈونیشیا کے یہ گہرے تاریخی و ثقافتی روابط بعد میں دونوں ممالک کے جدید سفارتی تعلقات کی بنیاد بھی بنے۔ 1951 کے دوستی کے معاہدے نے ان تعلقات کو ایک باقاعدہ سمت دی۔ آج بھی مختلف ثقافتی تقریبات، انڈونیشی معاشرے میں بالی ووڈ کی مقبولیت اور عوامی سطح پر بڑھتے روابط دونوں ملکوں کے درمیان اس قدیم ثقافتی رشتے کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انڈونیشیا میں گنیش بھگوان کی مورتی کا صدیوں سے جوں کا توں رہنا اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ اس ملک نے اپنی وراثت کی حفاظت کی ،اپنی اقلیتوں کی مذہبی نشانیوں کو محفوظ رکھا بلکہ اس کا احترام کیا ، اسے ملک کی پہچان بنائے رکھا اور مذہبی رواداری کا پیغام دیا ۔ سرکاری سطح پر ایسے موقف کا نتیجہ ہے کہ انڈونیشیا میں مختلف مذاہب کے ماننے والے آپسی میل جول اور ہم آہنگی کے سبب پرسکون اور پر امن زندگی گزار رہے ہیں