سال 2025:اہم موضوعات کی کہکشاں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-12-2025
سال 2025:اہم موضوعات  کی کہکشاں
سال 2025:اہم موضوعات کی کہکشاں

 



 نئی دہلی : آواز دی وائس 

سال 2025 کو اوداع ۔۔۔ رخصت ہوا ایک اور سال ۔ اپنی یادوں کے ساتھ ۔ اہم واقعات کی ایک طویل فہرست  بتا رہی ہے کہ 2025کو بھی اچھی اور بری خبروں کے لیے یاد رکھا جائے گا۔اس سال ملک و دنیا میں اہم موضوعات سامنے آئے ،جن پر کسی نے اتفاق کیا اور کسی نے نہیں ۔ ہندوستان  میں بھی  ایسے موضوعات کا بازار گرم رہا ۔ آواز دی وائس نے اس سال لاتعداد موضوعات کو آپ کے سامنے پیش کیا ۔ ایسے ہی اہم مضامین یاد ماضی کے طور پر آپ کے سامنے پیش کئے جارہے ہیں ۔جنہیں آپ اپنی دلچسپی کے مطابق  تفصیل سے پڑھ سکتے ہیں ۔

 مسلمانوں کی پسماندی کا ذمہ دار کون؟احمد ٹی کورو کیا سوچتے ہیں؟

احمد ٹی کورو اپنی کتاب اسلام آمریت اور پسماندگی میں یہ بنیادی سوال اٹھاتے ہیں کہ مسلم اکثریتی ممالک عموماً کم پرامن، کم جمہوری اور کم ترقی یافتہ کیوں ہیں۔ وہ اس موضوع پر رائج دو بڑی توضیحات کو رد کرتے ہیں، ایک مغربی استعمار کو تشدد اور پسماندگی کی وجہ قرار دینا اور دوسری اسلام کی نصوص میں تشدد کی خصوصیات تلاش کرنا۔ کورو کے مطابق اصل مسئلہ گیارہویں صدی کے بعد بننے والا علماء اور ریاست کا اتحاد ہے جس نے فکری آزادی کو محدود کیا اور متوسط طبقے کے ارتقا کو روکا۔ ان کے نزدیک صرف استعمار پر زور دینا مسلم معاشروں کے اندرونی تنازعات اور بین المسلم جنگوں کی درست وضاحت نہیں کرتا۔

تفصیل سے پڑھیں 

 دھیان چند صرف ایک کھلاڑی نہیں تھے

 یہ ایک کم معروف مگر اہم حقیقت ہے کہ ہندوستان کا ترنگا یورپی سرزمین پر 15 اگست 1936 کو برلن اولمپکس کے ہاکی فائنل میں لہرایا گیا تھا، یعنی آزادی سے 11 سال پہلے۔ اس تاریخی موقع پر دھیان چند کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے جرمنی کو شکست دی اور کانگریس کا پرچم فخر سے بلند ہوا۔ دھیان چند کو محض ایک عظیم کھلاڑی کے طور پر دیکھنا ناانصافی ہے، کیونکہ انہوں نے غلام قوم کو عالمی سطح پر وقار اور اعتماد دیا۔ 1928 ایمسٹرڈیم اور 1932 لاس اینجلس اولمپکس کی فتوحات بھی اسی قومی جذبے کی علامت تھیں، جس کا خواب سب سے پہلے سر درابجی ٹاٹا نے دیکھا تھا۔

تفصیل سے پڑھیں 

 کیا سردار پٹیل مسلمانوں کے مخالف تھے؟

 ہندوستان کی تاریخ میں چند ہی شخصیات ایسی ہیں جن کے بارے میں آراء اتنی متضاد رہی ہوں جتنی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے بارے میں ہیں۔ بہت سے مسلمان اور بائیں بازو کے تجزیہ نگار سمجھتے ہیں کہ سردار پٹیل ہندو نواز تھے اگرچہ لازماً مسلم مخالف نہیں تھے۔ جبکہ سنگھ پریوار کے کئی افراد انہیں اسی بنیاد پر عظیم مانتے ہیں۔ تاہم متعدد محققین نے ایک متوازن نقطۂ نظر اختیار کیا ہے اور سردار پٹیل کو ایک عملی سیاست دان کے طور پر دیکھا ہے جنہوں نے اس وقت ہندوستان کی قیادت کی جب مذہبی جذبات اپنی انتہا پر تھے اور ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا جا رہا تھا۔

تفصیل سے پڑھیں 

سر سید احمد خان اور نظریۂ دو قومیّت

 سر سید احمد خان، جو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی تھے، ایک ایسی اہم اور اثر انگیز شخصیت ہیں جن کے بارے میں آج بھی مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ ایک طبقہ انہیں برصغیر کے مسلمانوں میں جدید تعلیم کی شمع روشن کرنے والا مصلح اور رہنما مانتا ہے، جبکہ دوسرا طبقہ یہ خیال کرتا ہے کہ دو قومی نظریے کی بنیاد انہوں نے ہی رکھی، جس کے نتیجے میں بعد میں ہندوستان کی تقسیم اور پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔حقیقت یہ ہے کہ یہ تاثر ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے جو دراصل غلط ترجمے سے پیدا ہوئی۔ انیسویں صدی کے آخری حصے میں سر سید احمد خان کی بیشتر تقاریر اردو زبان میں ہوتی تھیں، جنہیں وارانسی سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار دی پاینیر میں انگریزی زبان میں منتقل کیا جاتا تھا۔ اس عمل میں لفظ "قوم" کا ترجمہ درست معنوں میں "Community" یعنی برادری یا سماجی گروہ ہونا چاہیے تھا، مگر اسے "Nation" یعنی سیاسی قوم کے طور پر پیش کیا گیا۔اسی غلط ترجمے کی وجہ سے سر سید کی بات، جو دراصل ہندو اور مسلم برادریوں کے تعلق سے تھی، انگریزی متن میں ہندو اور مسلم قوموں کے تصور میں بدل گئی۔ یوں ایک لسانی غلطی نے ایک بڑے فکری اور تاریخی مغالطے کو جنم دیا، جسے بعد کے زمانے میں بار بار دہرایا جاتا رہا۔

تفصیل سے پڑھیں 

 ڈاکٹر اور انجینئر دہشت گردی کی طرف کیوں مائل ہوتے ہیں؟

 ملالہ یوسفزئی کا یہ مشہور جملہ عام طور پر اس خیال کی ترجمانی کرتا ہے کہ دہشت گردی کی جڑ کم تعلیم اور غربت ہیں۔ تاہم دہلی میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد اور ڈاکٹروں کی گرفتاری نے اس تصور کو سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ دہشت گردی صرف ان پڑھ یا غریب طبقے تک محدود نہیں۔ ایلن کروگر اور جٹکا مالیکووا کی تحقیق کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں اکثر زیادہ تعلیم یافتہ اور نسبتاً خوشحال افراد کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ وہ پیچیدہ منصوبہ بندی اور غیر ملکی ماحول میں آسانی سے گھل مل سکتے ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گردی اور تعلیم کے درمیان تعلق سادہ نہیں بلکہ کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔

 تفصیل سے پڑھیں