بالی ووڈ کو سعودی عرب کی دعوت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-05-2022
بالی ووڈ  کو سعودی عرب کی دعوت
بالی ووڈ کو سعودی عرب کی دعوت

 

 

جدہ: ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے اس نئے دور میں سینما اور تفریحی صنعت بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے ہندوستان کی اربوں ڈالر کی فلم انڈسٹری بالی وڈ کو مملکت آنے کی دعوت دی ہے کہ وہ تفریحی شعبوں میں پیدا ہونے والے مواقعوں کا فائدہ اٹھائیں۔ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے  ہندوستان کے ساتھ شراکت داری قدرتی طور پر ممکن ہے بالخصوص ایسے موقع پر جب سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تیل پر انحصار کم کرتے ہوئے معیشت میں تنوع پیدا کیا جائے۔

سعودی ویژن 2030 کے تحت حکومت کی کوشش ہے کہ ثقافتی اور تفریحی شعبوں میں اخراجات کو 2.9 سے 6 فیصد تک بڑھایا جائے۔

اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے سعودی حکومت نے فلم انڈسٹری کے لیے فراخدلی کے ساتھ بجٹ مختص کیا ہے جبکہ ملک بھر میں نئے سینما کھلنے کے علاوہ کنسرٹ، کھیلوں اور دیگر سہولیات کے لیے نئے مقامات بھی کھولے گئے ہیں۔

ہندوستان کے ساتھ طویل سفارتی اور تجارتی تعلقات کے بعد سعودی حکومت کا مقصد ہے کہ بالی وڈ کے ساتھ بھی ایسے روابط قائم کیے جائیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔

بالی ووڈ کے ساتھ موجودہ اشتراک کے نتیجے میں سعودی عرب میں دکھائی جانے والی ہندوستانی فلموں میں اضافہ ہوا ہے۔ پہلی ہندوستانی فلم ’کالا‘ تھی جو سال 2018 میں سعودی عرب میں ریلیز ہوئی جبکہ بحیرہ احمر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2021 میں بالی وڈ فلم ’83 ‘ دکھائی گئی تھی۔

فلم کمیشن کے چیئر مین شہزادہ بدر نے اپریل میں وفد کے ہمراہ ہندوستان کا دورہ کیا تھا تاکہ ثقافتی شعبوں بالخصوص فلم انڈسٹری میں شراکت داری کو مزید وسیع کیا جائے۔

وفد میں العلا فلم کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار کے علاوہ دیگر بالی وڈ اداکاراؤں سے ملاقاتیں کیں۔

awaz

سعودی ثقافت کی جھلک

فلم کمیشن کے سربراہ عبداللہ العیاف نے عرب نیوز کو بتایا کہ دنیا بھر میں انڈین فلم انڈسٹری سب سے زیادہ کامیاب ہے اور ہندوستان کے دورے کے دوران شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں۔

’ہماری اپنی فلم انڈسٹری کا شمار مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں تیزی سے ترقی کرنے والی انڈسٹری میں ہوتا ہے۔ ہم بالی وڈ سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور سعودی عرب میں موجود ہندوستانی پروڈکشنز اور کاروباروں کے لیے نئے مواقع متعارف کروا سکتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کی ہندوستان کے ساتھ تعلقات بڑھتے رہیں گے بالخصوص ایسے موقع پر جب سعودی فلم سیکٹر ملکی اور بیرونی سطح پر نئی کامیابیوں کو چھو رہا ہے۔‘

خیال رہے کہ دسمبر میں جدہ میں منعقد ہونے والے بحیرہ احمر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول بال سٹارز رنویر سنگھ اور دیپیکا پاڈوکون نے بھی شرکت کی تھی۔

عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے رنویر سنگھ نے کہا تھا ’مجھے یہاں آنے پر بے حد خوشی ہے۔ میں پہلی مرتبہ سعودی عرب آیا ہوں۔ مجھے ہمیشہ سے ہی سعودی عرب کا کلچر دلکش لگتا تھا۔‘